تاجروں سے تجاوزات کی آڑ میں روزگار چھینا جارہا ہے،عقیل خان

104
حیدرآباد: امیر جماعت اسلامی حیدرآباد عقیل احمد خان، نائب امیر عبدالقیوم شیخ، ابرار قریشی اور صنوبر خان کے ساتھ مکی شاہ روڈ ماربل مارکیٹ کا دورہ کررہے ہیں جبکہ آل پاکستان ماربل ایسوسی ایشن حیدرآباد کے صدر راحیل قریشی سے انکروچمنٹ کے متعلق تفصیلات معلوم کررہے ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے نائب امیر عبدالقیوم شیخ، ابرار قریشی اور صنوبر خان کے ساتھ مکی شاہ روڈ ماربل مارکیٹ کا دورہ کیااور آل پاکستان ماربل ایسوی ایشن حیدرآباد کے صدر راحیل قریشی سے ملاقات کی ۔صد ر راحیل قریشی نے کنٹونمنٹ بورڈ کے عملے کی جانب سے ماربل مارکیٹ میں تجاوزات سے متعلق جماعت اسلامی ضلعی امیرکو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کنٹونمنٹ انتظامیہ ہمارے ساتھ نا انصافی کر رہی ہے ،بغیر نوٹس دیے ہمارے لاکھوں روپے مالیت کے ماربل مشینری کے ذریعے توڑ دیے گئے ہیں لیکن انتظامیہ ہم سے بات کرنے کو تیار نہیں۔ اس موقع پر نائب صدر نفیس خان، جنرل سیکرٹری محمد علی اور رکن مجلس عاملہ شہزاد احمد بھی موجود تھے۔امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے دوکانداروں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف مہنگائی، بیروزگاری اوربے امنی نے عام آدمی کا جینا حرام کردیا ہے تو دوسری جانب رمضان المبارک کے مہینے میں تاجر وں سے تجاوزات کی آڑ میں روزگار بھی چھینا جا رہا ہے جو سراسر ظلم ہے۔بلڈوزروں کے ذریعے بے رحمی کے ساتھ ان کے لاکھوں روپے مالیت کے ماربل توڑ دیے گئے ، لاک ڈائون کے دوران پہلے ہی مزدور طبقہ روزگار کے لیے ٹھوکریں کھارہا ہے،ماربل کے کام سے ہزاروں مزدور طبقہ کا روزگار جڑا ہو ہے، انتظامیہ تاجر برادری کے مسائل افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرے تاکہ اس کام سے جڑے درجنوں مزدور غربت اور مفلسی سے بچ سکیں۔
عقیل احمد خان