او لیول امتحانات کا آج سے آغاز، کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل

403

اسلام آباد: پاکستان  میں کورونا وبا کی تیسری لہر میں شدت آنے کے باوجود برٹش کونسل کے تحت ہونے والے ‘او لیولز’ امتحانات کا آغاز آج سے ہو رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  لاہور میں برٹش کونسل کے تحت او لیول آفٹر نون امتحانات کا آغاز دن 2 بجے ہوگا اور امتحانات کے دوران کورونا ایس او پیز کا خاص اہتمام کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں بتایا گیا ہےکہ جو طلبہ مطمئن نہیں وہ اکتوبر ، نومبر میں امتحانات دے سکتے ہیں اور کیمبرج طلبہ کو اکتوبر، نومبر کے امتحانات کیلیے کوئی اضافی فیس نہیں دینی ہوگی۔

شفقت محمود نے کہاہے کہ کیمبرج انتطامیہ سے کہا ہے اے لیولز کے باقی امتحانات کیلیے 13 مہینے کی شرط پر نظرثانی کرے، کیمبرج غیرمعمولی صورتحال کو مدنظر رکھے، امید ہے اس بارے میں جلد ہی مثبت فیصلہ کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ٹوئٹ میں آج امتحانات میں شریک ہونے والے طلبہ کیلیے نیک خواہشات کا اظہاربھی کیا  جبکہ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں امتحانات کا فیصلہ بچوں کے مستقبل کیلیےکیا ، برٹش کونسل ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلیے مانیٹرنگ کرے گی جبکہ امتحانی مراکز کی تصاویر بھی شیئر کیں جس میں دیکھا جاسکتا ہےکہ  امتحان کے دوران کورونا سے بچاؤ کی تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کروایا جارہا ہے۔

دوسری جانب  انہوں نے بتایا تھا کہ کیمبرج کے امتحانات وزرائے صحت کے کہنے پر کرارہے ہیں، وزراء صحت کے مطابق کیمبرج میں محدود طلبہ ہیں اس لیے امتحانات ہو سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ میٹرک اور انٹر کے امتحانات مئی کے تیسرے یا چوتھے ہفتے میں ہوں گے جبکہ کیمبرج نے پاکستان سے کہہ دیا ہے اسکول اسسمنٹ گریڈز نہیں ہوں گے، امتحانات کروانے لازم ہیں۔