پاکستان سٹیزن پورٹل کے حوالے سے گورنر سندھ کی صدارت میں جائزہ اجلاس

472

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سرکاری محکمے عوام کی خدمت کے پابند ہیں کیونکہ گورننس سسٹم عوام اور سرکاری محکموں کے مابین بہتر ہم آہنگی سے مشروط ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت کے اداروں پر زور دیا کہ شہریوں کو میرٹ اور شفافیت پر مبنی خدمات مہیا کی جائیں اور اس ضمن میں ایک عملی اور موثر طریقہ کار کو یقینی بنایا جائے۔

یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس میں پاکستان سٹیزن پورٹل کے حوالے سے وفاقی حکومت کے محکموں کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ گورنر سندھ نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ تمام محکمے شکایات کے حل کے لئے کام میں تیزی لائیں اور شہریوں کو فون کرکے متعلقہ شکایت کنندہ کی محکمہ کی جانب سے کاروائی پر رائے اور اطمینان بھی طلب کریں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ شکایات اور اس کا فوری ازالہ بروقت محکمانہ کارروائی سے کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ موصول شکایات کے حل میں کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے باقاعدگی کے ساتھ اجلاس منعقد کیئے جائیں تاکہ تمام محکموں کو اس ضمن میں اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہو۔

رپورٹ کے مطابق سال 2021 کے ابتدائی تین مہینوں کے دوران 77 وفاقی محکموں کے افسران کے ڈیش بورڈز کا جائزہ لیا گیا۔ اس رپورٹ کے مطابق متذکرہ دورانیہ میں وفاقی محکموں کو سندھ سے 10386سے زیادہ عوامی شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں سے 95%فی صد کو حل کیا جا چکا ہے۔ رپورٹ میں مذید بتایا گیا کہ 34% فیصد لوگوں نے شکایات کے حل ہونے پر اپنے اطمینان کا اظہار بھی کیا۔