کورونا ویکسین: 40 سال سے زائد عمر افراد کی رجسٹریشن کل سے شروع

408

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہےکہ 40 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کے لیے رجسٹریشن کا عمل کل (منگل) سے شروع ہوجائیگا۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو اپنی ایک ٹویٹ میں اسد عمرنے لکھا ہےکہ آج این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کل سے 40 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگانے کے لیے رجسٹریشن ہوگی اس کے علاوہ 50 سال سے زائد عمر کے رجسٹرڈ افرادبھی ویکسینیشن کے لیے آ سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اگر آپ 40 سال یا اس سے زائد عمر کے ہیں تو خود کو رجسٹر کرائیں اور دوسروں کو بھی رجسٹر ہونے کا کہیں۔

دوسری جانب  گذشتہ مہینے 26 مارچ سے 50 سال سے زائد عمر کے پاکستانی شہریوں کے لیے کورونا ویکسین کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔

اسد عمر نے نے بتایا تھا کہ 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کی رجسٹریشن اور ویکسینیشن کا آغاز پہلے ہی ہو چکا ہے، اب 50 سال سے اوپر کے شہریوں کی رجسٹریشن کی جائے گی جبکہ اس سے قبل ملک میں تین مراحل میں ویکسین لگائی گئی، پہلے مرحلے میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ویکسین لگانے کا آغاز 2 فروری کو ہوا۔

دوسرے مرحلے میں 60 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کو کورونا ویکسین لگانا شروع کی گئی جبکہ تیسرے مرحلے میں 50 سال سے زیادہ عمر کے شہریوں کو ویکسین لگائی گئی۔

پاکستان میں وفاقی حکومت نے تمام شہریوں کو مفت ویکسین فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، اس کے علاوہ نجی کمپنیوں کو بھی ویکسین درآمد کرنے کی اجازت دے رکھی ہے۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے وفاقی کابینہ کی منظوری سے روسی اور چینی کمپنیوں کی ویکسین کی قیمتیں بھی مقرر کر دی ہیں۔

واضح رہے کہ ویکسین لگوانے کے لیے شہریوں کو شناختی کارڈ نمبر 1166 پر میسج بھیج کر رجسٹریشن کروانا ہوگی جس کے بعد رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کا جوابی پیغام موصول ہوگا۔