کورونا سے بچائو کی حکومتی کوشش اطمینان بخش نہیں ،ڈاکٹر خبیب شاہد

392

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن اور الخدمت فاؤنڈیشن کورونا کی تازی لہر کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کی۔میڈیا ٹاک میں پیماکے صدر پروفیسرڈاکٹر خبیب شاہد،الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن کے سینئر وائس چیئرمین پروفیسرڈاکٹر محمد افضل اور پیماکے سیکرٹری ڈاکٹر شماد علی نے شرکت کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسرڈاکٹر خبیب شاہدنے کہا کہ اس وقت کورونا پاکستان میں آبادی کے بڑے حصے کو متاثر کر رہا ہے لیکن حکومتی اور عوامی سطح پر اس سے بچاؤ کی کوششیں اطمینان بخش نہیں ہیں۔ حکومت اور معاشرہ دونوں کی ذمے داری ہے کہ وہ کورونا کی موجودہ لہر کے بے قابو ہونے سے قبل ویکسی نیشن کروائیں۔صدرپیما کا کہنا تھا کہ آبادی کو مفت ویکسین کی فراہمی کے لیے دستیاب اسٹاک میں مؤثر ویکسین کا اضافہ کیا جانا اورملک بھر میں مزیدویکسی نیشن مراکز قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ رمضان کے دوران افطار کے بعد ویکسی نیشن کا عمل جاری رہنا چاہیے۔حکومت کو آگاہی مہم کے ذریعے طبی ماہرین اور علما کرام کی مدد سے ویکسی نیشن بارے عمومی خدشات و شبہات کو دور کرنا چاہیے۔ پروفیسرڈاکٹر محمد افضل نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پاکستان ہیلتھ کی این جی اوز کو غیر تجارتی بنیادوں پر ویکسین درآمد کرنے کی اجازت دے یا غیر منافع بخش تنظیمیں ہونے کے ناطے انہیں ارزاں نرخوں پر ویکسین فراہم کی جائے تاکہ آبادی کے بڑے حصے کو فائدہ پہنچ سکے۔ احساس پروگرام کے تحت جو لوگ رجسٹرڈ ہیں ان کو ویکسی نیشن کی فراہمی کے لیے احساس پروگرام سے فنڈز مختص کرکے ہیلتھ سیکٹر میں کام کرنے والی این جی اوز کے ذریعے ویکسی نیشن کروائی جائے۔پرائیویٹ اور سرکاری تعلیمی اداروں اور ایسے کاروبار جو کورونا کے باعث بند ہیں کو غیر تجارتی بنیادوں پر ویکسین فراہم کی جائے۔