علاج ٹیلی ہیلتھ کے زیراہتمام رمضان اور صحت پرویبینار

405

علاج ٹیلی ہیلتھ کے زیرِ اہتمام سعودی دارالحکومت ریاض میں رمضان اورصحت کے موضوع پرآن لائن ویبینارکا انعقاد کیا گیا، جس میں طبی ماہرین ڈاکٹر سائرہ علی، سائیکولوجسٹ کنزہ اسد اور ماہر غذائیت ادعیہ وہاج نے رمضان المبارک کے دوران صحت مند رہنے پر لیکچر دیا۔ انہوں نے جسمانی اور ذہنی صحت کی اہمیت اور اثرات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کچھ اہم باتوں پر دھیان دے کر روزے میں اپنی صحت کا خیال رکھنا بھی ہم پر فرض ہے۔ ذیابیطس اور دل کے امراض سمیت دوسری کئی بیماریاں ایسی ہیں جس میں روزہ رکھنے سے قبل اپنے معالج کا مشورہ بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہِ رمضان ہمیں بہترین اصولوں پر زندگی گزارنے کا درس دیتا ہے، جس میں اعتدال سے کھانا، کھانے پینے، نیند اور دوسرے امور پر وقت کی اہمیت اور مثبت سوچ اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ حاجرہ ملک نے ویبینار کی میزبانی کرتے ہوئے طبی عملے کو حاضرین کے سوالات سے آگاہ کیا، جن کے جوابات دیتے ہوئے ڈاکٹر سائرہ علی نے کہا کہ رمضان میں ذیابیطس کے مریض کو زیادہ محتاط رہنا اور اپنا بلڈ گلوکوز لیول چیک کرتے رہنا ہے۔ کنزہ اسد نے کہا کہ ذہنی طور پر فٹ رہنے کے لیے دن بھر کا پلان ترتیب دے کر اس پر عمل کریں اور زندگی کے تمام امور پر اپنی سوچ مثبت رکھیں جبکہ ادعیہ وہاج نے نمک، تیل اور چینی کے زائد استعمال کے نقصانات اور سحر اور افطار کے وقت کھانے والی اہم غذاؤں کے متعلق حاضرین کے سوالات کے جوابات دیے۔