عبدالقادر افریقا والا کے اعزاز میں الوداعی تقریب

275

میمن ویلفیئرسوسائٹی (جدہ) کے زیر اہتمام ورلڈ میمن ڈے اور میمن ایسوسی ایشن (ماسا) کے سابق جنرل سکرٹری عبد القادر افریقا والا کی الوداعی تقریب مشترکہ طورپر منعقد ہوئی۔ ماسا کے صدر شعیب سکندر (عبدالستار ایدھی ایوارڈ یافتہ) نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں میمن برادری کو ورلڈ میمن ڈے کی مبارک پاد پیش کی اورکہا کہ میمن برادری بلا تفریق انسانیت کی فلاح و بہبود اور خدمت کو اپنی پہلی ترجیح سمجھتی ہے۔ ماسا کے نئے جنرل سکرٹری صادق سورتھیا نے سوسائٹی کی خدمات کا مختصر جائزہ پیش کیا اوراس بات کا اعادہ کیا کہ یہ عمل جاری رہے گا۔ ماسا کے سرپرستوں عرفان کولساوالا اور محمد بدیع نے امت مسلمہ اور خاص طور پر دنیا بھر میں میمن برادری کے اتحاد اور یکجہتی کو برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی جدہ سے تعلق رکھنے والے ایک مشہور تاجر مناف عبد الغفار نے میمن قوم کے لیے ماسا کی خدمات کو سراہا اور اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
جاوید خیرانی نے عبد القادر افریقا والا کے اعزاز میں الوداعی تقریب کے موقع پر گزشتہ 10 برس سےماسا میں ان کی خدمات کے اعتراف میں ایک وڈیو دستاویزی فلم پیش کی۔اس موقع پر ماسا کے صدر اور مہمان خصوصی نے عبدالقادر افریقا والا کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ سابق جنرل سکرٹری نے کہا کہ میں جہاں بھی رہوں گا وہاں سے برادری کی خدمت جاری رکھوں گا۔