انڈونیشیا: لاپتا آبدوز کے عملے کو مردہ قرار دے دیا گیا

393

جکارتہ: انڈونیشیا کی لاپتا آبدوز کے عملے کو مردہ قراردے دیا گیا ہے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ اب آبدوز میں صرف چند گھنٹوں کی آکسیجن باقی رہ گئی ہوگی۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا کی لاپتا آبدوز کے ملنے کی امیدیں ختم ہوگئیں، حکام کی جانب سے تمام لاپتا عملے کو مردہ قرار دے دیا گیا ۔

انڈونیشیا کی فوج کے سربراہ ہادی تجاجانتو نے بتایا کہ 21 اپریل کو نانگگلا 402 نامی آبدوز تربیتی مشق کے دوران لاپتا ہوگئی تھی جبکہ گمان ہےکہ آبدوز میں سوار تمام 53 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

انڈونیشیا کی بحریہ کا کہنا تھا کہ ریسکیو مشن اب فیز سب مس سے فیز سب سنک کی طرف بڑھ رہا ہےجبکہ بحری آبدوز کی کچھ باقیات مل گئی ہیں جس کے بعد آبدوز کے 53 اہلکاروں کے زندہ ملنے کے امکانات ختم ہوگئے ہیں۔

خیال رہے بحری آبدوز میں صرف تین دن کی آکسیجن موجود تھی اور یہ جرمن ساختہ بحری آبدوز 40 سال پرانا تھا لیکن 2012 میں اس کی دوبارہ سے مرمت کی گئی تھی جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ اب آبدوز میں صرف چند گھنٹوں کی آکسیجن باقی رہ گئی ہوگی۔

دوسری جانب نیول چیف یوڈو مارگونو کا کہنا ہےکہ ہمیں آبدوز کے کئی ٹکڑے اور حصے ملے ہیں اور وہ سب میرین کے ساتھ جڑے ہوئے تھے جو اس سے الگ ہوگئے ہیں۔

انڈونیشیا نیوی کے مطابق اتنی گہرائی میں ڈوبنے کی وجہ سے عملے کے 53 ارکان کے زندہ بچ جانے کے امکانات بھی ختم ہوگئے ہیں جبکہ سرچ آپریشن جاری رکھنے اور ملبے کو نکالنے سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔