بولٹن مارکیٹ: تاجروں اور کسٹمز اہلکاروں میں جھگڑا، فائرنگ سے 3 افراد زخمی

263

کراچی: شہر قائد کے علاقے بولٹن مارکیٹ میں غیر قانونی اسمگل شدہ اشیاء کی تلاش کے دوران کسٹمز اہلکاروں کا دکانداروں سے جھگڑا ہوگیا جس کے نتیجے میں 3 دکاندار شدید زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق  کراچی کی بولٹن مارکیٹ میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران کسٹمز اہلکاروں اور دکانداروں سے جھگڑا ہوگیا جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ کسٹمز اہلکار بولٹن مارکیٹ میں اسمگل شدہ سامان کی تلاش میں آئے تھے۔

پولیس کے مطابق کسٹمز  اہلکاروں نے تلاشی کے لیے دکانوں کے تالے کاٹے تو دکاندار پہنچ گئے اور انہوں نے کسٹمز اہلکاروں کو روکنے کی کوشش کی،  اس دوران کسٹمز اہلکاروں اور دکانداروں کے درمیان جھگڑا ہوا جس کے نتیجے میں کسٹمز اہلکاروں نے فائرنگ کردی  جس کے نتیجے میں 3 دکاندار زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق واقعے کے خلاف سب دکانداروں نے احتجاج کیا جبکہ پولیس نے پہنچ کر مشتعل مظاہرین کو سمجھا کر گھر روانہ کردیا اور زخمیوں کو اسپتال طبی امداد کے لئے روانہ کیا۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں فائرنگ کر کے 3 افراد کو زخمی کرنے والے 3 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا جبکہ فائرنگ کے واقعے کی انکوائری ایس پی بلدیہ کریں گے اور ملوث اہلکاروں کی غفلت ثابت ہوئی تو ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔