بھارت کورونا سے ہر 4 منٹ میں ایک شخص ہلاک

347

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں کورونا کی صورت حال بد سے بدتر ہورہی ہے اور ہر 4 منٹ میں ایک شخص وائرس سے ہلاک ہورہا ہے۔ ملک میں آکسیجن سلنڈروں کی کمی کے باعث صورت حال مزید خطرناک ہوگئی ہے۔ اسپتالوں کے باہر لوگوں کی لمبی قطاریں ہیں، تاہم اسپتال میں جگہ نہ ہونے کے باعث عوام فٹ پاتھ پر سلنڈر لیے نظر آرہے ہیں۔بھارت میں ہر آنے والا دن کورونا کے ریکارڈ توڑ رہا ہے۔ ہفتے کے روز بھارتی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وبا سے مزید3لاکھ 46ہزار 786 افراد متاثر ہوئے، جب کہ 2624 افراد ہلاک ہوگئے، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 90 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے علاوہ وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں بھارت اب دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ماہرین کے مطابق بھارت میں صورتحال اس قدر خراب ہے کہ کورونا کی وجہ سے ہر 4 منٹ میں ایک شخص کی موت ہورہی ہے، جب کہ وبا کی حالیہ لہر کم از کم 3 ہفتے تک برقرار رہ سکتی ہے جس کے نتیجے میں اموات میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ دوسری جانب دارالحکومت نئی دہلی کے سروج اسپتال نے آکسیجن کی کمی کی وجہ سے مریضوں کو داخل کرنا بند کر دیا ہے۔اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام بیڈ بھر گئے ہیں۔ اس کے علاوہ آکسیجن کی کافی قلت ہے، لہٰذا ہم مریضوں کا داخلہ بند کر رہے ہیں۔ سروج اسپتال میں ابھی 141 مریض داخل ہیں۔ کورونا وائرس کی بدترین صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارتی ریاست مہاراشٹر، اڑیسہ، کیرالا اور کرناٹک میں ویک اینڈ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔ جب کہ امریکا نے کورونا کیسوں اور اموات میں اضافے کی نہایت تشویش ناک صورت حال پر بھارت کی مدد کا اعلان کیا ہے۔