نصاب سے اسلامی مواد نکالنے کی سفارش قبول نہیں ،عبدالحق ہاشمی

215

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ درسی کتب سے اسلامی مواد نکالنے کی سفارش کسی طرح بھی قبول نہیں۔ سیکولر، بے دین طبقات اسلامی پاکستان کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیاگیا ہے اور اسلام کے نفاذ کے لیے ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دی ہیں۔ اسلام نے سب سے زیادہ اقلیتوں کو حقوق دیے ہیں اسلامی پاکستان میں اقلیتوں سمیت ہرقوم مذہب اور علاقے کے اقوام وعوام کو حقوق ملیں گے ۔ظلم جبر ناانصافی بدعنوانی کیخلاف اقلیتیں بھی عوام کیساتھ ہے۔ درسی کتب سے اسلامی مواد نکالنے کی سازش اقلیتیں نہیں اسلام وپاکستان دشمن کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب بک بورڈکی لازمی مضامین کی کتب سے دینی موادکو صرف اسلامیات کی کتاب تک محدود کرنانظریہ اسلام وپاکستان کیخلاف اور سمجھ سے بالاتر ہے، اردو کتب سے حمد ونعت کوصرف اس لیے مکمل طور پر ختم کرنا کہ چونکہ ان کتب کو اقلیت سے تعلق رکھنے والے بچے پڑھتے ہیں غلط ہے، یہ دراصل بچوں کی دینی اسلامی تربیت کیخلاف سازش ہے، بچے بچپن سے ہی اسلامی ماحول کی طرف راغب ہوں، اسلامی تعلیمات سے روشناس ہو یہ کفر برداشت نہیں کرتے۔ عصری تعلیمی اداروں میں اقلیتوں کو اسلامیات کے بجائے اخلاقیات پڑھائی جارہی ہے یہ بھی ٹھیک ہے لیکن دیگر تمام مضامین سے اسلامی تاریخ وثقافت اور مذہب کے اسباق ومضامین نکالنا یہ کسی صورت قبول نہیں، اسلام کا کونسا سبق ہے جو اقلیت یا اس کے مذہب کو متاثر کرتا ہے۔ دشمن نہیں چاہتے مسلمانوں کے بچے حقیقی مسلمان بنیں، اسلام سے ان کاتعلق بہتر ہو ملک میں اسلامی نظام کی راہ ہموار ہو ۔کفر کسی صورت برداشت نہیں کر تا کہ پاکستان سمیت کسی بھی ملک کا سیاست ،عدالت ،معاشرت ،معیشت اسلامی ہو اگر اس طرح ہوا تو یہ مثالی جدید اسلامی ترقیافتہ مملکت بنے گاہم نہ صرف پاکستان بلکہ یہاں کے عدالت، سیاست، پارلیمان، جمہوریت بلکہ معیشت، معاشرت اور تعلیم کو اسلامی بنائیں گے تاکہ یہ دنیاکا جدید حقیقی اسلامی مملکت بن سکیں۔