یتیموں کی کفالت کے لیے الخدمت کا ساتھ دیں، جمیل احمد کرد

224

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) الخدمت فائونڈیشن بلوچستان کے صدر انجینئر جمیل احمد کرد نے کہا کہ مخیر حضرات تاجر برادری، سماجی، فلاحی تنظیمیں اور سرمایہ دار قبائلی عمائدین غربا ومساکین اور دہاڑی دار مزدور خاندان کو راشن دینے اور یتیموں کی کفالت کے لیے الخدمت فائونڈیشن کا ساتھ دیں، ہم مخیر حضرات کے تعاون سے عوامی اعتمادکیساتھ غربا ومساکین میں راشن اور یتیموں کی کفالت کر رہے ہیں ہماری جدوجہد بلاتفریق رنگ ونسل ہر علاقے اور ہر قوم کے غربا ومساکین اور پریشان حال عوام کے لیے ہے۔ دکھی انسانیت کی خدمت سے دلی سکون واطمینان اور آخرت کی کامیابی یقینی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی دفتر میں اجلاس اور وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے تمام اضلاع میں غربا ومساکین کی مدد کے لیے راشن کی تقسیم اور یتیموں کی کفالت، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، تعلیم وصحت کے مسائل حل کرنے کے لیے ہماری جدوجہد جاری ہے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ ہر علاقے کے مساکین ،غربا ،یتیموں اوربیوائوں وکمزور طبقات تک ہماری امداد فوری بلاتفریق اور عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے پہنچ جائے۔ کورونا وبا سے بچنا، احتیاطی تدابیر پر عمل سے ہی ممکن ہے، موجودہ پریشان کن صورتحال میں کمزور طبقات غربا ومساکین کی مشکلات کے حل میں مخیر حضرات سرمایہ دار تاجر برادری کو ملکر الخدمت فائونڈیشن کے ریلیف ورک میں ساتھ دینا چاہیے۔ اپنے دستر خوانوں کو سجاکر افطاری کرنے سے بہترہے کہ سادگی وقناعت اختیار کرکے غریب ہمسائیہ وغریب رشتہ داروں کو بھی یاد کیا جائے کچھ سفید پوش لوگ ہیں جو ضرورت مند ہونے کے باوجود کسی کو اپنی مجبور ی نہیں بتاتے ان کی عزت نفس کا خیال کرتے ہوئے ان تک امداد پہنچا نا ضروری ہے الخدمت فائونڈیشن اسی طرح گمنام، پریشان حال، سفید پوش لوگوں کو تلاش کرکے ان تک امداد پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔