نومولود بچوں کے پانچ بڑے مسائل

600

کولک یا پیٹ درد کا مسئلہ
مائیں سب سے زیادہ اس شکایت کے ساتھ آتی ہیں کہ بچہ زور لگاتا ہے، اُس کا چہرہ سرخ ہو جاتا ہے اور وہ بےحد روتا ہے۔ پیٹ درد کی اس شکایت کو ’کولک‘ کا نام دیا جاتا ہے۔بچوں میں یہ کیفیت عام طور پر شام کے وقت زیادہ ہوتی ہے۔ اگر بچہ ہر لحاظ سے صحتمند ہے، اُس کی نشونما ہو رہی ہے، وزن مناسب بڑھ رہا ہے تو اس صورتحال پر پریشان نہ ہوں کیونکہ اس نوعیت کی کیفیت خود ہی ٹھیک ہو جاتی ہے۔ماؤں کو البتہ یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ اگر وہ اپنا دودھ پلاتی ہیں تو نوٹ کریں کے ان کی کس قسم کی غذا بچے میں کولک کا باعث بنتی ہے، مثلاً بہت سی مائیں دودھ یا دہی کا استعمال کرتی ہیں تو بچے میں یہ تکلیف بڑھ سکتی ہے۔
بچے کا دودھ الٹنا
بہت سی مائیں اس بات سے پریشان ہوتی ہیں کہ بچہ دودھ الٹ دیتا ہے۔ یہ شکایت بھی اُس وقت دور ہو جاتی ہے جب بچہ بیٹھنا شروع کر دے یا ٹھوس غذا شروع کر دے۔ تین چار ماہ تک کے بچے لیٹے رہنے کے باعث دودھ الٹ دیتے ہیں۔
اس کے لیے مشورہ یہی ہے کہ دودھ پلانے کے بعد بچے کو کندھے سے لگا کر اس وقت تک تھپتھپایا جائے جب تک وہ ڈکار نہ لے لے۔ اس کے علاوہ دودھ پلاتے ہوئے بھی بالکل سیدھا لٹانے کے بجائے بچے کا سر ذرا اونچا رکھا جائے ۔
بچے کا پیٹ نہیں بھرتا
اپنا دودھ پلانے والی مائیں اکثر متفکر ہوتی ہیں کہ ان کے بچے کا پیٹ نہیں بھر رہا اور وہ بار بار دودھ مانگ رہا ہے۔
ماں کا دودھ جلد ہضم ہو جاتا ہے، اس لیے بچہ اگر دو گھنٹے سے بھی کم وقفے میں دودھ کے لیے روئے تو یہ عام بات ہے اس پر پریشان نہ ہوں۔ اس کو ضرور بار بار دودھ پلائیں۔
بچہ رات کو سوتا نہیں ہے
رات بھر بچہ جاگے یا بار بار جاگے تو ماں کی صحت خاصی متاثر ہوتی ہے۔ نومولود بچوں کی مائیں اس مسئلے سے پریشان ہوتی ہیں۔
رات بھر جاگنے والی بچے کی ماں سے دن کا حال پوچھا جائے تو یہی کہتی ہیں کہ دن بھر تو سوتا ہے۔چنانچہ اس مسئلے کے لیے ڈاکٹر یا دوا کی ضرورت نہیں ہے بلکہ بچے کی روٹین بنانے کی ضرورت ہے۔ اس میں وقت بھی لگ سکتا ہے لیکن یہ بھی زیادہ پریشانی کی بات نہیں ہے۔
یہ رائے نومولود بچوں کے عمومی روئیے کے حوالے سے ہے، بچوں میں مسلسل رونے یا دن بھر میں تجویز کردہ نیند کا دورانیہ پورا نہ ہونے کی صورت میں ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کریں۔