اشتعال انگیز تقریر کیس، رینجرز کے وکیل کی عدم حاضری کے باعث ملتوی

54

کراچی(اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اشتعال انگیز تقریر اور میڈیا ہاؤسز پر حملے کے کیس میں رینجرز کے وکیل کی عدم حاضری کے باعث سماعت 29 مئی تک ملتوی کردی۔ ہفتے کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں اشتعال انگیز تقاریر اور میڈیا ہاؤسز پر حملے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے موقع پر فاروق ستار، شاہد پاشا سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ رینجرز کے وکیل کی عدم حاضری کے باعث سماعت 29مئی تک ملتوی کردی گئی ہے۔ دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ نائن زیرو والے کیس میں دکھایا گیا اسلحہ لائسنس والا تھا، اس کیس میں سب بے گناہ تھے جن کو سزا دی گئی وہ بھی اپیلوں میں بری ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹنڈو الہ یار واقعہ میں ملوث اہلکاروں کو گرفتار کیا جائے۔ ٹنڈو الہ یار والا معاملہ رشوت کا ہے، پہلے حبس بے جا میں رکھا گیا رشوت مانگی گئی اور پھر تشدد کرکے ہلاک کیا گیا،واقعہ کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی،بابر خانزادہ اور لواحقین کو انصاف ملنا چاہیے، یہ واقعہ ماورائے عدالت ہے،نائن زیرو اسلحہ برآمدگی کیس میں عدالت نے یہ قرار دیا ہے کہ استغاثہ جرم ثابت کرنے میں ناکام رہا۔