کراچی: سحری میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں جاری

382

کراچی: شہر قائد  میں شہریوں نے کورونا وائرس کی ایس او پیز کی دھجیاں اڑا دیں ، برنس روڈ کی فوڈ سٹریٹ پر سحری کے وقت شہریوں کی بڑی تعداد بغیر ماسک موجود رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق برنس روڈ کی فوڈ سٹریٹ پر سحری کے وقت شہریوں نے ڈائن آوٹ کے مزے اڑائے جبکہ ریسٹورینٹ انتظامیہ کی جانب سے بھی کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی گئی۔

رپورٹس کے مطابق  ماہِ رمضان کا پہلا عشرہ اپنے اختتام کو پہنچ گیا  ہے اور اسی کے ساتھ شہریوں کی جانب سے سحری کا اہتمام بھی زور و شور سے جاری ہے جبکہ کراچی میں سحری کے اوقات میں شہریوں کی بڑی تعداد مختلف فوڈ اسٹریٹس پر اپنے اہلِ خانہ کے ہمرہ سحری کرنے پہنچی اور کورونا ایس او پیز کو ہوا میں اڑا دیا گیا۔

حکومتی احکامات کے مطابق شہری کورونا وائرس کی تیسری لہر کے وار سے بچنے کے لیے ہجوم والی جگہوں پر جمع نہ ہوں، اس کے علاوہ ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں، تاہم شہری اس پر عمل کرتے دکھائی نہیں دیئے۔

خیال رہے کراچی میں کورونا کیسز 8.9 فیصد تک پہنچ گئے ہیں اور حیدر آباد میں 16.64 فیصد جبکہ باقی دیگر اضلاع میں 2.72 فیصد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں اور اس وقت کراچی میں 52 مریض وینٹی لیٹرز پر موجود ہیں۔

رپورٹس کے مطابق سندھ میں  کورونا کے باعث  جنوری  میں 431 مریض جاں بحق ہوئے، فروری میں 339 اور مارچ میں کورونا سے 151 اموات ہوئیں جبکہ اپریل میں اب تک  کورونا کے 72 مریض  جاں بحق  ہوچکے ہیں۔

یاد رہے  وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز قوم سے خطاب میں فوج کی مدد لینے کا کہہ کر خبردار کرچکے ہیں کہ اگر احتیاط نہ کی تو آئندہ دو ہفتوں میں شاید ہمارا حال بھی بھارت جیسا ہوسکتا ہے۔

واضح رہے شہر قائد کے دیگر علاقوں میں قائم ہوٹلوں پر بھی اسی طرح کا رش دیکھنے میں آرہا ہے اور وہاں بھی ایس او پیز کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔