کورونا: پاکستان کی بھارت کو سرکاری سطح پر تعاون کی پیشکش

448

اسلام آباد : پاکستان نے بھارت میں کورونا وائرس کی بگڑتی  صورتحال  کے باعث وینٹی لیٹرز اورڈیجیٹل ایکسرےمشینیں دینےکی پیشکش کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دفترخارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے وزراء کورونا کے درپیش چیلنجز کو کم کرنے  کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر امدادی سامان کی فراہمی کے طریقہ کارپرکام کرسکتےہیں۔

ترجمان نے مزید کہاکہ  بھارت کومدد کی پیشکش جذبہ خیرسگالی کے طور پر کی گئی، بھارت میں کورونا وائرس کی تیسری خطرناک لہر نے وہاں کے لوگوں میں خوف وہراس پیدا کردیا ہے۔

خیال  رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کی صورتحال کافی تشویشناک ہوگئی ہے، جس کے باعث وہاں کے اسپتالوں میں آکسیجن سمیت بیڈز بھی کم پڑگئے ہیں۔

واضح رہے کورونا وائرس کی بدترین صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے بھارتی ریاست مہاراشٹرا، اڑیسہ، کیرالہ اور کرناٹکا میں ویک اینڈ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے اور کویت ، کینیڈا، سعودی عرب سمیت کئی ممالک نے بھارت سے براہ راست کمرشل پروازیں معطل کردی ہیں۔