“حکمران فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کے بجائے تقسیم پیدا کر رہے ہیں”

321

کراچی:  امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ ناموس رسالت ؐ پر کوئی سمجھوتہ قبول  نہیں، اس اہم معاملے پر ملک میں کوئی تقسیم نہیں، حکمران طبقہ تقسیم پیدا کر رہا ہے اور حکومت اپوزیشن مل کر قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں۔

عوامی دعوت افطار  سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ  فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرنے کے بجائے معیشت کی کمزوری کا بہانا بنایا جا رہا ہے،کراچی منی پاکستان ہے، اہل کراچی وفاقی و صوبائی حکومتوں  سے خیرات نہیں اپنا حق مانگ رہے ہیں۔

امیر کراچی کا کہنا تھا کہ  سندھ حکومت کراچی کو بھی سندھ کا حصہ سمجھے، کراچی کے ساتھ ظلم و زیادتی اور حق تلفی بند کی جائے، کراچی کے نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں میں ان کا حق دیا جائےاورنگی ٹاؤن سمیت شہر بھر میں تجاوزات کے خاتمے کے نام پر بے گھر کیے گئے لوگوں کو معاوضہ اور متبادل جگہ فراہم کی جائے۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ  فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرنے سے ہمارے اوپر کوئی آسمان نہیں ٹوٹ پڑے گا، ناموس رسالت ؐ سے بڑھ کر کچھ نہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ ٹی ایل پی  سے کیے گئے تحریری معاہدے پر عمل کیا جائے، اس پر پابندی لگانے کے بجائے قومی دھارے میں لایا جائے۔

انہوں نے مزید کہاکہ  نواز لیگ اور پیپلز پارٹی بھی اس حوالے سے اپنا موقف واضح کریں، حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی پورے ملک کی معیشت کا پہیہ چلاتا ہے، پورے ملک کے انکم ٹیکس میں آدھا حصہ کراچی کا ہوتا ہے لیکن بد قسمتی سے حکمران طبقے نے اسے ہمیشہ نظر انداز کیا اور ہر سطح پر اس کے ساتھ زیادتی ہوئی، اس شہر سے کھاتے سب ہیں لیکن اسے دیتا کوئی نہیں۔