امریکی افواج نے افغانستان سے واپسی کی تیاریاں شروع کردیں

468

امریکی صدر جوبائیڈن کے اعلان کے بعد امریکی افواج نے افغانستان سے واپسی کی تیاریاں شروع کردیں۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ترجمان امریکی پینٹاگون جان کربی کا کہنا ہے کہ امریکی افواج نے افغانستان سے واپسی کی تیاریوں کا آغاز کردیا۔ افغانستان سے دفاعی ساز و سامان واپس امریکا بھجوانے  کاعمل جاری ہے۔

جان کربی کے مطابق افغانستان میں بعض مقامات پر امریکی اور نیٹو فورسز کی حفاظت کے لیے زمینی، فضائی اور بری دستے تعینات ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں فوجی انخلا کے عمل کی نگرانی خصوصی جہاز کررہے ہیں۔ افغانستان میں امریکی اڈوں پر جنگی طیارے بھی نگرانی کے لیے  تیار رہیں گے۔

جان کربی کا کہنا ہے کہ کچھ فوجی اہلکار افغانستان  میں امریکی یونٹس کی حفاظت پر مامور رہیں گے۔

امریکی دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ مقامی ٹھیکیداروں کے ساتھ اپنے معاہدے بھی ختم کرنا شروع کر دیے ہیں، آئندہ چند ہفتوں تک وہاں سے فوج کے انخلا کا عمل شروع نہیں ہوگا۔