کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر شارق وہرہ نے زور دیا ہے کہ محکمہ کسٹمز کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور طریقہ کار کو تیز کرنے پر سنجیدگی سے توجہ دینا ہوگی کیونکہ مال کی کلیئرنس میں تاخیر اکثر کاروباری لاگت میں اضافے کا باعث بنتی ہے اور تاجر برادری کی مشکلات کو بڑھاتی ہے۔ تاجر برادری کی محکمہ کسٹمز سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں لیکن اس اہم محکمے کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں لہٰذا توقعات اور ڈیلیوری کے مابین یہ فرق نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس سے مؤثر طریقے سے نمٹنا ہوگا۔ اس امرکا اظہار انہوں نے ڈائریکٹوریٹ جنرل ٹریننگ و ریسرچ سے 31 ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے سینئر کلکٹرز کے وفد سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت ایڈیشنل ڈائریکٹر جنید عثمان اکرم نے کی جبکہ اجلاس میں سینئر نائب صدر کے سی سی آئی ثاقب گڈلک، نائب صدر شمس الاسلام خان اور کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی ممبران نے بھی شرکت کی۔شارق وہرہ نے کہا کہ محکمہ کسٹمز کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپنی کارکردگی کو بہتر بنانا ہوگا اور اسے عالمی سطح پر تبدیلیوں اور جدید تکنیکی ترقیوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنا چاہیے چونکہ مال کی کلیئرنس کے لیے روایتی اور فرسودہ طریقوں تک محدود رہنے سے مال کی کلیئرنس تاخیر کا شکار ہوتی رہے گی اور کبھی مثبت نتائج برآمد نہیں ہوں گے۔ اگرچہ محکمہ کسٹمز ٹیکس جمع کرنے والا ادارہ ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ ادارے کا سہولت کار ہونا بھی ضروری ہے۔





