توشہ خانہ ریفرنس: نواز شریف کی جائیداد نیلام کرنے کی درخواست منظور

307

اسلام آباد: احتساب عدالت نے نواز شریف کی جائیداد نیلامی کی نیب درخواست منظور کرتے ہوئے  توشہ خانہ ریفرنس میں اشتہاری ملزم نوازشریف کی جائیداد نیلام کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے نواز شریف کی جائیداد نیلامی کی نیب درخواست منظور کرلی ہے جس کے بعد نوازشریف کی جہاں جہاں جائیداد موجود ہوگی متعلقہ صوبائی حکومت اس کو نیلام کرسکے گی۔

رپوٹس کے مطابق احتساب عدالت میں توشہ خانہ ریفرنس میں نیب کی جانب سے نواز شریف کی جائیداد نیلامی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، جس پر احتساب عدالت نےنوازشریف کی جائیداد نیلامی کی نیب درخواست منظور کر تے ہوئے اشتہاری ملزم نواز شریف کی جائیدادنیلامی کا حکم دے دیا ہے۔

عدالت کا کہنا تھاکہ نوازشریف کی جہاں جائیدادہے متعلقہ صوبائی حکومت نیلام کرسکے گی اور ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرلاہوراور شیخوپورہ 60 دن کےاندر رپورٹ پیش کریں اور جائیدادیں نیلام کرکے رقم قومی خزانےمیں فوری جمع کرائی جائے۔

عدالت کا یہ بھی کہنا تھاکہ نوازشریف کی جو جو گاڑیاں ہیں وہ بھی 30 دن کےاندرنیلام کی جائیں اور پولیس کی مدد سے گاڑیاں جن کے  قبضے میں ہیں ان سے لیکرفروخت کی جائیں۔

احتساب عدالت نے نواز شریف کےبینک اکاؤنٹس سےرقوم سرکاری خزانےمیں منتقل کرنےکاحکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ جس جس جائیدادپر اعتراض نہیں آیا نیلام کی جا سکے گی۔

یاد رہے نیب نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی جائیدادیں فروخت کرنےکا فیصلہ کرتے ہوئے جائیدادیں فروخت کرنے کے لئے احتساب عدالت سے رجوع کیا تھا اور نیب نے سیکشن 88 سی آر پی سی کےتحت عدالت سےجائیداد فروخت کرنے کی اجازت مانگی تھی۔

واضح رہے فروخت کرنےوالی جائیدادوں میں اتفاق فاؤنڈری، حدیبیہ پیپر مل، بخش ٹیکسٹائل مل اور حدیبیہ انجینئرنگ کےشیئرز بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ لاہور اپر مال کی جائیداد اور زرعی اراضی بھی فروخت کی جائےگی اوریہ جائیداد کی مالیت اربوں روپے بنتی ہے۔

نیب کی تیار کردہ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہےکہ نواز شریف کے مختلف نجی بینکس میں 3 غیر ملکی کرنسی سمیت 8 اکاؤنٹس ہیں، ان کے 5 بینک اکاؤنٹس میں 6 لاکھ 12 ہزار روپے موجود ہیں، غیر ملکی کرنسی والے اکاؤنٹس میں 566 یورو، 698 امریکی ڈالرز اور 498 برطانوی پاؤنڈز موجود ہیں۔