پنجاب ہاؤس مری یونیورسٹی میں تبدیل، وزیراعظم نے افتتاح کردیا

1021

مری: وزیراعظم عمران خان نے کوہسار یونیورسٹی مری کا افتتاح کردیا، مری میں پنجاب ہاؤس کو کوہسار یونیورسٹی کا حصہ بنادیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مری میں کوہسار یونیورسٹی کا افتتاح کیا، اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سمیت وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ افتتاح کے موقع پر وزیراعظم نے کلین اینڈ گرین مہم کےتحت پودا بھی لگایا اس کے علاوہ وزیراعظم نے ٹی بی سینٹوریم کی اپ گریڈیشن کا بھی افتتاح کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یونیورسٹی کے قیام کا مقصد سیاحت کا فروغ اور تربیت یافتہ افرادی قوت پیدا کرنا ہے۔ کوہسار یونیورسٹی میں ہوٹل منیجمنٹ سمیت سیاحت سے منسلک شعبوں میں تعلیم و تربیت پر توجہ دی جائے گی جبکہ آرٹس اور سائنس مضامین بھی پڑھائے جائیں گے، اس مقصد کےلئے پنجاب ہاؤس مری کو کوہسار یونیورسٹی کا حصہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں سیاحت کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو جدید طریقوں کے مطابق عملی تعلیم دی جائے گی اور اس کا الحاق معروف بین الاقوامی یونیورسٹی سے کیا جائے گا۔