وزیراعلیٰ سندھ کا کراچی، حیدر آباد میں کورونا کے بڑھتے کیسز پر اظہارِ تشویش

166

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی اور حیدر آباد میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ احتیاط نہیں کریں گے تو  کیسز بڑھتے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرہ پیچوہو سمیت دیگر نے شرکت کی۔

وزیر صحت ڈاکٹر عذرہ پیچوہو نے وزیر اعلیٰ سندھ کو صوبے میں کورونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ عذرہ پیچوہو نے بتایا کہ کراچی میں کورونا کیسز 8.9 فیصد تک پہنچ گئے۔ حیدر آباد 16.64 فیصد باقی دیگر اضلاع میں 2.72 فیصد کیسز ہورہے ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ میں  کورونا کے باعث  جنوری  میں 431 مریض جاں بحق ہوئے۔ فروری 339 اور مارچ میں کورونا سے 151 اموات ہوئیں جب کہ اپریل میں اب تک  کورونا کے 72 مریض  جاں بحق  ہوئے۔

وزیر صحت نے کہا کہ اس وقت کراچی میں 52 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی اور حیدر آباد میں کورونا کیسز کا بڑھنا پریشان کن بات ہے۔ لوگ احتیاط نہیں کریں گے تو یہ کیسز بڑھتے جائیں گے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں 531 وینٹی لیٹرز کی سہولت مختلف اسپتالوں میں ہے۔ مزید 70 وینٹی لیٹرز کا شہر کراچی میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم نے سندھ میں اسپتالوں میں آلات اور سہولتوں میں کافی اضافہ کیا۔