دوسرا ٹی ٹوئنٹی: زمبابوے نے پاکستان کو شکست دیدی

328

ہرارے: تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو 19 رنز سے شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو جیت کے لیے 119 رنز کا ہدف دیا، تاہم پاکستان کی پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 99 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی اور زمبابوے نے پاکستان کو 19 رنز سے شکست دے دی۔

رضوان 13 اور ون ڈاؤن آنے والے فخر زمان صرف 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ کپتان بابر اعظم نے 41 رنز کی اننگز کھیلی، چوتھے نمبر پر آنے والے محمد حفیظ بھی وکٹ پر کھڑے نہ رہ سکے اور صرف 5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

حفیظ کے بعد آصف علی بھی صرف ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے جب کہ قومی ٹیم کے 3 کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے اور پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 99 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

اس سے قبل زمبابوے نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنائے، زمبابوے کی جانب سے اننگز کا آغاز ٹیناشے اور برینڈن ٹیلر نے کیا، قومی ٹیم کی مضبوط بولنگ کے سامنے میزبان ٹیم کا کوئی کھلاڑی زیادہ دیر تک کھڑا نہ رہ سکا، صرف اوپنر ٹیناشے نے 34 اور ریگس چاکابوا نے 18 رنز بنائے جس کی بدولت زمبابوے کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز ہی بناسکی۔

پاکستان کی جانب سے دانش عزیز اور محمد حسنین نے 2، 2 جبکہ فہیم اشرف، عثمان قادر ، ارشد اقبال اور حارث رؤف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔