غیر مقامیوں کی آبادکاری سے سندھ کاامن تباہ ہورہاہے، قادر مگسی

144

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہاہے کہ غیرملکیوں کی آباد کاری کے سبب سندھ میں امن وامان تباہ ہوگیا ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے ایس ٹی پی کے کارکنان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا۔ قادر مگسی نے کہاکہ سندھ میں ایک منظم سازش کے تحت غیر ملکیوں اور غیر مقامی افراد کی آباد کاری جاری ہے جس سے نہ صرف مقامی افراد کا استحصال ہورہا ہے بلکہ سندھ میں امن وامان کی صورت حال بھی تیزی سے خراب ہورہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ بلاول کالونی کراچی میں جو کچھ ہوا قابل مذمت ہے سندھ حکومت کو فوری نوٹس لیکر ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔انہوں نے مزید کہاکہ فوری طور پر افغان سمیت دیگر غیر ملکیوں کو نکالا جائے ۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر قادر مگسی نے خیر پور میں وین حادثے پر افسوس کااظہا کرتے ہوئے جاںبحق افراد کے ورثا سے تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کے لیے مغفرت جبکہ زخمیوں کے لیے صحت کی دعا کی۔