افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے،آرمی چیف

402
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے افغان سفیر نجیب اللہ علی خیل ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد(اے پی پی)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں افغانستان کے سفیرنجیب اللہ علی خیل نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال بشمول افغان امن عمل،دوطرفہ سلامتی اور دفاع کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور دوطرفہ سرحدی انتظام کو موثر بنانے کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق ملاقات کے دوران پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا واحد مقصد افغانوں کو پر امن ، خودمختار ، جمہوری ، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے حصول میں مدد فراہم کرنا ہے۔ افغان سفیر کی جانب سے تنازعات کی روک تھام اور امن عمل میں مدد کے لیے پاکستان کے تعاون کو بھی سراہا گیا۔