کورونا سے مزید 98 افراد ہلاک،5 ہزار نئے مریض ،لاک ڈاؤن کا فیصلہ آج ہوگا

594

اسلام آباد‘ کراچی‘ ریاض‘ مسقط (نمائندہ جسارت+ خبر ایجنسیاں+ مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا وبا کے باعث گزشتہ روز 98 افراد جاں بحق اور 5875 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ لاک ڈاؤن کا فیصلہ آج ہوگا۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 57 ہزار 591 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹ کی تعداد 11,377,42 ہوگئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں مزید 5 ہزار 857 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 778,238 ہوگئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ75 ہزار 81 ، پنجاب میں 2 لاکھ 79 ہزار 437، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 9 ہزار 704، اسلام آباد میں 71 ہزار 533، بلوچستان میں 21 ہزار 242 ، آزاد کشمیر میں 16 ہزار26 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 215 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد84 ہزار 935 ہے جب کہ4ہزار سے زاید مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 98 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 16 ہزار 698 ہوگئی ہے۔این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک روز میں 3 ہزار 986مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 676,605 ہوگئی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کوروناوائرس کے مزید 14 مریضوں کی ا موات کی تصدیق ہوئی جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 4576 ہوگئی ہے اور 12659 ٹیسٹ کرانے سے 734 نئے کیسز سامنے آئے۔وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق 734 نئے کیسوں میں سے 383 کا تعلق کراچی سے ہے، جن میں ضلع شرقی 186 ، ضلع جنوبی97 ، ضلع وسطی 40 ، ضلع کورنگی 32 ، ضلع ملیر 22 اور ضلع غربی 6 شامل ہیں۔ مراد علی شاہ نے صوبے کے عوام پر زور دیا ہے کہ ایس او پیز پر عمل سختی سے عمل کریں بصورت دیگر وائر س کی تیسری لہر خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔ علاوہ ازیںوفاقی حکومت نے کورونا پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے وزیراعظم نے این سی او سی کا اجلاس(آج) جمعہ کو طلب کرلیاہے۔حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے آج این سی او سی کا اہم اجلاس منعقد ہوگا۔وفاق نے پابندیاں سخت کرنے کے حوالے سے تجاویز صوبوں کو ارسال کردی ہیں جس کے جواب میں وہ وفاقی حکومت کو تجاویز پر رائے دیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کورونا پابندیاں 2 مراحل میں سخت کرنے کی تجویز دی گئی ہے، پہلے فیز میں شام 6 تا سحر کاروباری سرگرمیاں بند کرنے، شام کے اوقات میں صرف پیٹرول پمپس، ویکسی نیشن سینٹرز، فارمیسز کھلی رکھنے، ہفتہ ، اتوار کو کاروباری سرگرمیاں مکمل بند کرنے تاہم ہفتہ، اتوار پیٹرول پمپ، فارمیسی، سبزی ، پولٹری شاپس کھلی رکھنے کی تجاویز شامل ہیں۔وفاق کی جانب سے دفاتر کے اوقات کار صبح 9 سے دوپہر 2 بجے کرنے، دفاتر میں 50 فیصد عملے کی حاضری کے فیصلے پر سختی سے عمل درآمد کی تجویز دی گئی ہے جب کہ وفاقی حکومت نے ہفتہ، اتوار کو کورونا ویکسی نیشن سینٹر ز کھلے رکھنے کی تجویز بھی دی ہے۔وفاق نے فیز ون کے دوران کورونا کا پھیلاؤ نہ رکنے پر لاک ڈاؤن کے نفاذ کی تجویز بھی دی ہے۔ مثبت کورونا کیسز کی قومی شرح 13 فیصد سے تجاوز پر حساس شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن نفاذ کی تجویز بھی شامل ہے۔ 20 فیصد سے زاید مثبت شرح والے شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز دی گئی ہے۔دوسری جانب فیز ٹو میں ہائی رسک شہروں میں 7 تا 10 روز لاک ڈاؤن کی تجویز دی گئی ہے۔این سی او سی کے مطابق عالمی وبا کورونا سے نمٹنے کے لیے چین سے مزید 5لاکھ کورونا ویکسین پاکستان پہنچا دی گئی ہے۔ چین سے خصوصی طیارہ کورونا ویکسین لے کر نور خان ائر بیس پہنچا۔ پاکستان نے چین سے 5 لاکھ ویکسین کی خوراکیں خریدی ہیں۔ادھروزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے، صورتحال یہی رہی تو سختی کرنا ناگزیر ہوگا۔ انہوں نے بھارت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کورونا وائرس اتنا بڑھ چکا ہے کہ مریضوں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ اور آکسیجن کی شدید کمی ہو چکی ہے۔ایک سوال کے جواب میںانہوں نے کہا کہ پاکستان میں 4 لاکھ30 ہزار فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین لگائی گئی ہے،ہمارے یہاں 7 ملین کے قریب ویکسین کی سپلائی کا بھی مسئلہ ہے، سپلائی کم ہونے کی وجہ سے بھی زیادہ ویکسین نہیں لگی، مئی اور جون میں زاید ویکسین دستیاب ہوگی۔علاوہ ازیںسعودی عرب نے 17مئی سے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا تاہم پاکستان سمیت 20 ممالک کو پروازوں کو اجازت نہیں دی گئی ہے۔سعودی عرب کورونا کے باعث معطل اپنا بین الاقوامی فضائی آپریشن 17 مئی سے بحال کرے گا تاہم سعودی حکام نے بین الاقوامی فضائی آپریشن کی بحالی میں 20 ممالک پر پابندی برقرار رکھی ہے جو کورونا کی روک تھام کے لیے کی گئی ہے۔ جن 20 ممالک کو سعودی عرب میں بین الاقوامی فضائی آپریشن کی اجازت نہیں دی گئی ہے ان میں ارجنٹینا، متحدہ عرب امارات، جرمنی، امریکا، انڈونیشیا، آئرلینڈ، اٹلی، پاکستان، برازیل، پرتگال، برطانیہ، ترکی، جنوبی افریقا، سوئیڈن، سوئٹزرلینڈ، فرانس، لبنان، مصر، بھارت اور جاپان شامل ہیںجب کہ کورونا وائرس کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث عمان نے پاکستان، بھارت اور بنگلا دیش پر سفری پابندیاں عاید کر دی ہیں۔اس حوالے سے عمان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق کورونا وائرس کی تیسری خطرناک لہر اور بڑھتے کیسز کے سبب پاکستان، بھارت اور بنگلا دیش پر سفری پابندیاں عاید کی جارہی ہیں۔تمام ائرلائنز آپریٹر کو خصوصی مراسلہ جاری کرد یا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تینوں ممالک کے مسافروں کے عمان آنے پابندی عاید کی گئی جو 24 اپریل سے نافذ العمل ہوگی۔ کراچی سے اسٹاف ر پورٹر کے مطابق تاجر برادری کی جانب سے تجارتی مراکز اور مارکیٹیں بند کرنے کے دنوں میں تبدیلی کے لیے نظر ثانی کی درخواست پر سندھ حکومت کی جانب سے مارکیٹوں کے دن تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے ،اب کراچی ڈویژن میں مارکیٹوں کے لیے سیف ڈیز جمعہ اور اتوار ہوں گے ۔محکمہ داخلہ سندھ نے 16 اپریل کو ہفتہ اور اتوار کو مارکیٹیں بند کرنے کا نیا فیصلہ جاری کیا تھا ۔6دن بعد محکمہ داخلہ سندھ نے فیصلے میں تبدیلی کرکے اب نیا حکم نامہ جاری کیا۔