شیل پاکستان کی جانب سے 2021 کی پہلی سہ ماہی میں 1.9 ارب روپے منافع کا اعلان

376

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شیل پاکستان لمٹیڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے مالی سال 2021ء کی پہلی سہ ماہی کے لیے نتائج کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق کمپنی نے 1,948 ملین روپے کا بعد ازٹیکس منافع حاصل کیا ہے جبکہ گزشتہ برس، اسی عرصے میں، کمپنی کو 4,332 ملین روپے کا نقصان ہوا تھا۔ گزشتہ برس انتہائی سخت حالات کے مقابلے میں اس سال پہلی سہ ماہی کے دوران نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔ اس حوصلہ افزا تبدیلی کی بنیادی وجہ حکمت عملی پر مبنی ترجیحات اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ تھے۔اس کامیابی میں تیل کی بین الاقوامی قیمتوں میں اضافے کے علاوہ پاکستان روپے کی قدر میں اضافے سے بھی مدد حاصل ہوئی جس میں، سہ ماہی کے دوران، 5 فیصد بہتری آئی۔سہ ماہی کے دوران، کمپنی نے اپنے نیٹ ورک کو وسعت دینے کا عمل جاری رکھا اور سات نئی سائٹس کا اضافہ کیا۔اس کے علاوہ شیل پاکستان لمٹیڈ نے رائٹ شیئرز کے اجراء کا فیصلہ کیا تاکہ صحت مند مالی اور نقد پوزیشن یقینی بنائی جا سکے اور ورکنگ کیپٹل کی ضرورت پورا کرنے کے علاوہ شیئر ہولڈز کی قدر میں بھی اضافہ کیا جا سکے جو پہلی سہ ماہی کے دوران ہی مکمل کر لیا گیا۔ سبسکرائبرز نے رائٹ شیئرز مکمل طور پر سبکرائب کیے اور 02مارچ، 2021ء کو الاٹمنٹ کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا۔ شیل پٹرولیم کمپنی لمٹیڈ نے 9 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جس سے شیل پاکستان کے شیئرز کی قیمت 76.11 روپے فی شیئر سے بڑھ کر 77.42 روپے فی شیئر ہو گئی۔ شیل پاکستان مسابقتی بزنس پلانز پر اپنی توجہ مرکوز رکھے گا تاکہ اعلیٰ معیار کی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکے اور پاکستان میں توانائی کے مسقبل کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکے۔