بھارت میں کورونا وبا پر تشویش ، آئی سی سی کا وفد بھیجنے کا عندیہ

202

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)بھارت میں کورونا کیسز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ کے بعد آئی سی سی کو بھی فکر لاحق ہوگئی۔ اکتوبر نومبر میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے حکام میں تشویش بڑھنے لگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی نے آئندہ چند روز میں وفد بھارت بھجواناہے تاکہ میچز کے مجوزہ مقامات سمیت دوسرے اہم بنیادی امورز کا جائزہ لیا جائے۔آئی سی سی کے لیے سب سے بڑا چیلنج ٹیموں، براڈکاسٹرز اور دوسرے ضروری اسٹاف کی صحت کو یقینی بنانا ہے۔ بھارت کا دورہ کرنے والا وفد اپنی رپورٹ تیار کرکے ممبر ممالک کے ساتھ شیئر کرے گا جس کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ یہ ہی نہیں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل جو 18جون کو ہونا ہے وہ بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے جو بھارت اور انگلینڈ کے درمیان شیڈول ہے۔ گو کہ اس کا میزبان ملک بھارت نہیں ہے لیکن اگر صورتحال بگڑتی ہے اور فضائی راستے بند ہوتے ہیں تو فائنل میں پہنچنے والی ٹیم کا سفر کرنا مشکل ہوگا۔ واضح رہے بھارت میں روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں کی تعداد میں کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے جب کہ بھارت کی نامور سیاسی ، کھیلوں اورسماجی شخصیات بھی کورونا میں مبتلا ہورہی ہیں۔بی سی سی آئی کے اہم عہدیدار اور ان کے اہل خانہ بھی اس وبا کا شکار ہونے کے بعداسپتال میں داخل ہیں۔ یہ ہی نہیں بھارت کو تمام ممالک نے ریڈ لسٹ میں ڈال دیا ہے۔