بلدیہ عظمیٰ کے اسپورٹس کمپلیکس میں غیر قانونی تجارتی سرگرمیاں

347

کراچی (رپورٹ: محمدانور) بلدیہ عظمیٰ کراچی کشمیر روڈ اسپورٹس کمپلیکس میں عدالت عظمیٰ کی حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سبزہ زار والے حصے میں تجارتی سرگرمیاں شروع کردی گئیں ہیں۔ اس ضمن میں جسارت نے غیر قانونی ریسٹورنٹ کے اسٹالز کی تصاویر بھی حاصل کرلی ہیں۔ تاہم “جسارت” کے رابطہ کرنے پر ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے بتایا کہ ان خلاف قانون اور خلاف ضابطہ سرگرمیوں کا نوٹس لے لیا گیا ہے، جلد اسپورٹس کمپلیکس کے احاطے میں کی جانے والی تجارتی سرگرمیوں کا خاتمہ کرکے متعلقہ افسران کے خلاف سخت
کارروائی کی جائے گی۔ یادرہے کہ ایڈمنسٹریٹر نے کچھ دن قبل اسپورٹس کمپلیکس میں کی جانے والی غیر قانونی رہائشی تعمیرات اور ایک میرج لان کو سیل کرا دیا تھا تاہم اس ہال سے نیچے موجود آفیسرز کلب کے ساتھ موجود خلاف قانون کلب کو نہیں بند کراسکے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بااثر مافیا کے لوگ اسپورٹس کمپلیکس کے احاطے میں غیر قانونی سرگرمیوں کی تاک میں لگے رہتے ہیں۔ تاہم ایڈمنسٹریٹر اور سینئر ڈائریکٹر اسپورٹس و کلچرل اور ریکریئیشن منصور قاضی کی طرف سخت کارروائی کے باعث خیال ہے کہ مافیا کے عزائم پورے نہیں ہوسکیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ محکمے کا ڈائریکٹر ایوب شیخ غیرقانونی سرگرمیوں کی پشت پناہی کرتا ہے مذکورہ افسر کے خلاف اینٹی کرپشن بھی مختلف الزامات پر انکوائری کررہی ہے۔