شوکت خانم اسپتال کو ہرجانہ ادا نہ کرنے پر حنیف عباسی کے وارنٹ

1077

راولپنڈی (آن لائن) سول جج راولپنڈی مصباح اصغر نے شوکت خانم کینسر اسپتال کی جانب سے دائر ہرجانے کے دعویٰ کی ڈگری جاری ہونے کے باوجود عمل نہ کرنے پر مسلم لیگ(ن) کے رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں 4 مئی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے یہ وارنٹ حنیف عباسی کی جانب سے ٹرسٹ کو ہرجانے کی مد میں 5 کروڑ روپے کی رقم ادا نہ کرنے پر جاری کیے گئے ہیں۔ ٹرسٹ کے وکلانے عدالت کے روبرو مؤقف اختیار کیا کہ عدالت عالیہ میں کیس منتقلی اور مہلت کی استدعا کی گئی ہے لیکن
عدالت عالیہ کا کوئی حکم امتناع پیش نہیں کیا گیا اسی طرح عدالتی حکم اورمہلت دیے جانے کی کوئی وجہ بیان کی گئی ہے نہ ہی رقم کی ادائیگی کی گئی ہے۔ عدالت نے وکلا کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے حنیف عباسی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ یاد رہے کہ شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کی جانب سے حنیف عباسی کے خلاف 3 مئی 2012ء میں ہتک عزت کادعویٰ دائر کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ حنیف عباسی نے ٹی وی پروگرام میں ٹرسٹ چیئرمین اور ارکان بورڈ پر فنڈز کے غلط استعمال، اسپتال اور ریسرچ سینٹر کے بورڈ ارکان پر صدقات اور عطیات کے پیسوں میں سے ماہانہ لاکھوں روپے تنخواہیں لینے کا الزام لگایا حالانکہ شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کا کینسر اسپتال خیراتی ہے جو لوگوں کو فری علاج فراہم کرتا ہے۔