کے ڈی اے نے زمینوں کی نیلامی کا عمل مکمل کرلیا

272

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات نے اراضی کی نیلامی کیلیے آکشن کمیٹی قائم کی تھی جس کی سفارشات کی روشنی میں کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے گزشتہ روز سے جاری کے ڈی اے اراضی کی نیلامی کا عمل کامیابی سے مکمل کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق 21 اپریل کو ضلع کورنگی اور سرجانی ٹائون کے 26 پلاٹوں کی نیلامی مکمل ہونے کے بعد جمعرات کو شہر کے قیمتی علاقے کلفٹن، نیو کراچی اور گلستان جوہر کے 22 پلاٹس کی نیلامی انتظامیہ کے رائج کردہ
طریقہ کار کے تحت مکمل کرلی گئی ہے۔ ادارہ ترقیات کراچی کو اراضی کی نیلامی سے تقریباً پونے 2 ارب روپے حاصل ہوئے ہیں، کے ڈی اے اراضی کی نیلامی سے نہ صرف ادارہ مالی طور پر مستحکم ہوگا بلکہ ملازمین کو بنیادی حقوق کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ ممکن ہوگا۔ ادارہ ترقیات کراچی کی تاریخ میں پہلی بار نیلامی کا عمل کمپیوٹرائزڈ کیا گیا اور کے ڈی اے نے فیس بک کے ذریعے نیلامی کے عمل کو براہ راست نشر کیا۔ نیلامی کے دوران خواہشمند افراد نے کے ڈی اے کے قیمتی ترین پلاٹس کو حاصل کرنے میں بھرپور حصہ لیا۔ کامیاب بولی دہندگان نے 25 فیصد بینک پے آرڈر کی مد میں رقم جمع کرائی جبکہ بقایاجات کی ادائیگی کے بعد کامیاب بولی دہندگان کو پلاٹس الاٹ کردیے جائیں گے۔