کراچی پریس کلب کے عہدیداروں کی نیو نیوز کی ٹیم پر پولیس تشدد کی مذمت

243

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی ،سیکرٹری جنرل محمد رضوان بھٹی و دیگر عہدیداروں اورگورننگ باڈی کے ارکان نے لاہور میں نیو نیوز کی ٹیم پر پولیس کے بہیمانہ تشدد کی پرزورالفاظ میں مذمت کی ہے۔جمعرات کو کراچی پریس کلب سے جاری
اپنے مذمتی بیان میں کراچی پریس کلب کے عہدیداروںنے کہا کہ نیو نیوز کی ٹیم اپنی پیشہ وارنہ ذمے داریوں کی ادائیگی کے لیے لاہور کے علاقے گرومانگٹ میں موجود تھی ،جہاں پولیس اہلکار ایک نوجوان کو بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنارہے تھے۔اس واقعے کی عکس بندی کرنے پر پولیس اہلکاروں نے نیو نیوز کی ٹیم پر حملہ کردیا اور گاڑی کے شیشے توڑ دیے جبکہ گاڑی میں موجود عملے کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پیشہ وارنہ فرائض کی انجام دہی کے دوران صحافیوں کوتشدد کا نشانہ بنایا جانا کسی طور بھی قابل قبول نہیں ہے،پنجاب پولیس کے اہلکاروں نے صحافیوں پر تشدد کرکے خود قانون کی دھجیاں اڑائی ہیں۔انہوںنے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ، معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق ،آئی جی پنجاب اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نیوز نیوز ٹیم پر حملہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف فی الفور کارروائی کی جائے۔