لیاقت آباد میں 6 منزلہ عمارت ٹیڑھی ہو گئی‘عوام میں خوف و ہراس

192

کراچی(اسٹاف رپورٹر) لیاقت آباد میں 6 منزلہ عمارت ٹیڑھی ہو گئی جو کسی بھی وقت گر سکتی ہے جس کے باعث عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بی ون ایریا لیاقت آباد میں واقع ناقص میٹریل سے تعمیر کی گئی 6 منزلہ عمارت ایک جانب جھک گئی ہے، عمارت کے اطراف کے مکانات میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ ٹھیکیدار سے اپنے مکان میں دراڑیں پڑنے کی شکایت کی تو غنڈوں نے مارپیٹ کی اور ہمیں زخمی کردیا۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار مافیا کی پولیس بھی سرپرستی کرتی ہے جس سے مافیا کے
کارندے عوام کو خوفزدہ کرتے ہیں۔عوام نے بلڈنگ کے مکینوں کی حفاظت کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی لیاقت آبادسمیت کراچی میں 3مقامات پر غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی عمارتیں ایک طرف جھکنے لگیں جس سے عوام میں خوف پھیل گیا تھا۔ ناظم آباد کوثر نیازی کالونی میں گزشتہ برس مارچ کے دوران غیر قانونی تعمیر شدہ عمارت ایک طرف جھک گئی، جسے رات کے وقت خالی کرایا گیا اور اسے منہدم کرنے کا کام شروع کر دیا گیا تھا۔