اے ، او لیول امتحانات سے متعلق کیس کی سماعت آج تک ملتوی

121

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے اے لیول، او لیول کے فزیکل امتحانات سے متعلق کیس کی سماعت جمعہ (آج) تک ملتوی کردی، عدالت کاکہنا تھا کہ دیگر فریقین کو سن کر فیصلہ کریں گے۔دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا ہے کہ کیمبرج کے امتحانات اگر ہوں گے تو پورے ملک میں ہوں گیاور اگر امتحانات نہیں ہوئے تو پورے ملک میں نہیں ہوں گے۔عدالت میں کیمبرج وکیل نے امتحانات کے طریقہ کار سے متعلق دستاویزات پیش کردیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ملک بھر کے طلبہ نے درخواستیں دائر کررکھی ہیں۔ لاہور،
اسلام آباد، پشاور ہائی کورٹ میں بھی درخواستیں زیر سماعت ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ نے اس کیس پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔اٹارنی جنرل نے مزید بتایا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کی صورتحال زیادہ خطرناک ہے۔ سندھ حکومت کے وکیل نے بھی ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے مؤقف کی تائید کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس صورت حال میں لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کا انتظار بہتر رہے گا۔ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ پورے ملک پر ہی نافذ ہوگا اور اطلاع ہے کہ لاہور ہائی کورٹ آج ہی فیصلہ سنانے جا رہی ہے اس لیے سندھ ہائی کورٹ کیس کی سماعت کل تک ملتوی کرے۔