اسرائیلی جوہری تنصیب کے قریب میزائل حملہ

271
مقبوضہ فلسطین: اسرائیلی فوجی شام سے داغے گئے میزائل گرنے کے مقام کا جائزہ لے رہے ہیں

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) شام کی سرحد سے اسرائیلی جوہری ری ایکٹر کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم حملے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ غیر ملکی خبررساں اداروں کے مطابق شام سے اسرائیل پر میزائل حملہ کیا گیا، جو اسرائیل کے جنوبی علاقے نقب میں گرا۔ میزائل حملے میں ڈیمونہ کے خفیہ جوہری ری ایکٹر کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ میزائل حملے میں جوہری ری ایکٹر کو نہیں اسرائیلی طیارے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ تاہم کچھ اسرائیلی ذرائع نے انکشاف کیا کہ یہ ایس اے 5 میزائل تھا اور جوہری ری ایکٹر کو نشانہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق ڈیمونہ میں جوہری ری ایکٹر کے علاقے میں میزائل حملے سے قبل دفاعی نظام کے تحت لگائے گئے سائرن بجنا شروع ہوگئے تھے۔ میزائل جوہری ری ایکٹر سے بہت دور گرا، جب کہ حملے کے بعد شام میں جوابی کارروائی بھی کی گئی اور میزائل لانچر کو نشانہ بناکر تباہ کردیا گیا۔ دوسری جانب شام کے ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیل کے حملے میں 4 فوجی زخمی ہوئے، جب کہ کئی میزائلوں کو خود کار دفاعی نظام کے تحت فضا میں ہی ناکارہ بنادیا گیا۔ رائٹرز کے مطابق اسرائیلی کارروائی میں ضمیر قصبے کے نزدیک ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ قصبہ دمشق کے شمال مشرق میں تقریباً 40 کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے۔ یہاں ایران کی حمایت یافتہ ملیشیائیں بھی موجود ہیں۔ اسرائیل پر میزائل حملے سے متعلق ابھی تک کسی نے ذمے داری قبول نہیں کی، تاہم ایران کی جانب سے جوہری ری ایکٹر پر حملے کے بعد اسرائیل کے ڈیمونہ میں خفیہ جوہری ری ایکٹر کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی تھی۔ یہ پیش رفت ایسے وقت ہوئی ہے جب اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔