ماسکو : ناولنی کے حق میں ریلیاں ، 1500ن افراد گرفتار

392
ماسکو: صدر ولادیمیر پیوٹن کے شدید ناقد اور زیر حراست مضبوط ترین اپوزیشن رہنما الیکسی ناولنی کے حق میں ریلیاں نکالنے والے نوجوانوں کو پولیس گرفتار کرکے لے جارہی ہے

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) روس میں صدر ولادیمیر پیوٹن کے شدید ناقد اور زیر حراست اپوزیشن رہنما الیکسی ناولنی کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق ماسکو اور سینٹ پیٹرزبرگ میں ہزاروں افراد مختلف ریلیوں کی شکل میں سڑکوں پر آئے۔ اس دوران روسی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کیں۔ رپورٹوں کے مطابق اس دوران ڈیڑھ ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔ مظاہرین 3ہفتے سے بھوک ہڑتال پر موجود الیکسی ناولنی سے اظہارِ یکجہتی اور ان کی رہائی کا مطالبہ کررہے تھے۔ دوسری جانب روسیصدر ولادیمیر پیوٹن نے مغربی طاقتوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ روس کے داخلی معاملات میں مداخلت سے باز رہیں۔ سیاست، معیشت اور ثقافتی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کے سامنے بدھ کے روز خطاب میں صدر پیوٹن نے خارجی امور اور عالمی سیاست پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ آج کل روس کے خلاف ہرزہ سرائی ایک عادت سی بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں بعض ممالک نے جہاں انہیں موقع ملے، روس پر بلاوجہ تنقید کو ایک خراب عادت بنا لیا ہے، جیساکہ یہ کوئی کھیل ہو، جس میں یہ دیکھا جاتاہے کہ کون زیادہ بڑھ چڑھ کر روس کے خلاف بولتا ہے۔ ساتھ ہی روسی صدر نے مغربی طاقتوں کو خبردار کیا کہ انہیں سرخ لکیر عبور کرنے سے باز رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ روس کے بنیادی مفادات کے خلاف اشتعال انگیزی کرانے والے کو ایسی ندامت ہوگی، جو انہیں لمبے عرصے سے نہ ہوئی ہوگی۔ ادھر روسی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوبی فوجی علاقے کی یونٹوں اور پیرا ٹروپ یونٹوں کی مشترکہ فوجی مشقیں کریمیا میں آبنائے کرچ کے داخلی حصے کے قریب واقع اوپک پولیگون میں شروع ہو گئی ہیں۔