کراچی‘ این اے 249 میں ضمنی انتخاب 29 اپریل کو ہی ہوگا

195

کراچی (اسٹاف رپورٹر) الیکشن کمیشن نے کراچی کے حلقے این اے249 پر پولنگ موخر کرنے کی تمام درخواستیں مسترد کرتے ہوئے امیدواروں کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں۔ این اے249 پر ضمنی انتخاب29 اپریل کو ہی ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے سندھ
حکومت، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کی دائر درخواستوں پر فیصلہ سنادیا ہے۔ ادارے کی جانب سے نے این اے249 کا ضمنی انتخاب مقررہ وقت پر کرانے کا اعلان کردیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسرکا کہنا ہے کہ اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے، آئندہ2 روز میں بیلٹ پیپرز الیکشن کمیشن کو فراہم کردیے جائیں گے، الیکشن کمیشن نے سیکورٹی اور ٹرانسپورٹ پلان کو بھی حتمی شکل دے دی ہے۔ ساڑھے3 لاکھ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام مکمل کرلیا ہے جبکہ بیلٹ پیپر پر کالعدم ٹی ایل پی کا انتخابی نشان بھی موجود ہے۔ پولنگ سے48 گھنٹے پہلے انتخابی جماعتیں الیکشن سرگرمیاں بند کرنے کی پابند ہیں، بصورت دیگر اصولوں کی خلاف ورزی پر قانونی چارہ جوئی کی جاسکتی ہے۔