کوئٹہ دھماکا: “ملک کو غیرمستحکم کرنے کی غیرملکی کوششیں ہیں”

116

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کوئٹہ دھماکے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، بڑے شہروں میں موجود دشمن امن کو خراب کررہے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ وزارت داخلہ  کے تحت 22 اداروں کو سکیورٹی ہائی الرٹ کی ہدایت جاری کردی۔ ٹی ٹی پی منظم ہو رہی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ کوئٹہ میں ہوٹل پارکنگ میں حملہ خود کش تھا۔ خود کش حملہ آور گاڑی میں بیٹھا رہا۔ خود کش دھماکے کے لیے 60 سے 80 کلو دھماکا خیرمواد استعمال ہوا۔ حملے میں 5 افراد جاں بحق ہوئے۔ دھماکے میں چین کے سفیر محفوظ ہیں، سفیر نے آج اسٹاف کالج سے خطاب بھی کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ 3 لاکھ سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھارت سے گزشتہ 10 روز میں کھلے۔ پاکستان کو اندر سے غیر مستحکم کرنے کی غیر ملکی کوششیں ہیں۔ چیف سیکریٹری سے فوری تحقیقات کا کہہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ دھماکے کی جتنی مذمت کی جائے کم  ہے۔ گوادر اور بلوچستان پاکستان کی ترقی کا نام ہے۔ چین پاکستان کا بہترین دوست ہے۔ فوج اور ایجنسیوں کی مدد سے دشمن پر قابو پالیں گے۔ امن و امان سے متعلق اہم قانون قومی اسمبلی میں لانا چاہتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ وزارت آئی ٹی سوشل میڈیا مسائل کے حل نکال رہی ہے، سوشل میڈیا کے لیے قانون لا رہے ہیں، سوشل میڈیا سے حکومت کو بلیک میل کیا جاتا ہے۔