کوئٹہ دھماکا: “دہشت گردی کی لعنت کو دوبارہ اٹھنے نہیں دیں گے”

292

وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی لعنت کو دوبارہ اٹھنے نہیں دیں گے۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ کوئٹہ حملے میں بے گناہ جانوں کے ضیاع پر بہت غمزدہ ہوں۔دہشت گردی کی لعنت کو دوبارہ اٹھنے نہیں دیں گے۔ قوم نے دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے بڑی قربانیاں دیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم تمام داخلی اور بیرونی خطرات سے آگاہ  ہیں۔

گزشتہ شب کوئٹہ کے ریڈ زون میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 4 افرادجاں بحق اور 11 افراد زخمی ہوگئے۔ کوئٹہ کی زرغون روڈ سرینا چوک پر نجی ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکا ہوا۔

پولیس کے مطابق دھماکے کے باعث پارکنگ میں کھڑی متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی جس پر قابو پالیا گیا جبکہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خیز مواد گاڑی میں نصب کیا گیا تھا۔