اقوام متحدہ نے عرب شہزادی کے زندہ ہونے کے ثبوت مانگ لیے

103

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) اقوام متحدہ نے متحدہ عرب امارات سے اماراتی وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی بیٹی شہزادی لطیفہ کے زندہ ہونے کے ٹھوس شواہد مانگ لیے۔ جنیوا سے جاری بیان میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین نے متحدہ عرب امارات سے مطالبہ کیا ہے کہ دبئی کے حکمران کی بیٹی شہزادی لطیفہ کے زندہ ہونے کے ٹھوس شواہد بلا تاخیر فراہم کیے جائیں۔اس کے علاوہ ماہرین نے شہزادی لطیفہ کو فوری طور پر رہا کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ گزشتہ دنوں بھی اقوام متحدہ کی جانب سے شہزادی لطیفہ کے زندہ ہونے سے متعلق پوچھا گیا تھا جس پر اماراتی شاہی خاندان نے بیان دیا تھاکہ گھر پر شہزادی کی دیکھ بھال کی جارہی ہے۔ اس سے قبل شہزادی نے وڈیو پیغامات میں الزام عاید کیا تھاکہ 2018ء میں ملک چھوڑنے کی کوشش پر والد شیخ محمد بن راشد المکتوم نے قید کر رکھا ہے، بیان کے بعد عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔