پہلا ٹیسٹ، بنگلا دیش نے پہلے روز2وکٹوں پر 302رنز بنالیے

295

پالے کیلی(جسارت نیوز)بنگلا دیش نے نجم الحسن کی ناقابل شکست سنچری اور کپتان مومن الحق کی ناقابل شکست نصف سنچری کی بدولت سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر302 رنز بنالئے۔ نجم الحسن ناقابل شکست 126،تمیم اقبال 90 اور کپتان مومن الحق ناقابل شکست 64 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ میچ کا پہلا روز بلے بازوں کے نام رہا، بنگلادیشی بلے بازوں نے جم کر آئی لینڈرز بولرز کا سامنا کیا۔ سری لنکا کی طرف سے ویشوا فرنینڈو نے2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ بدھ کو انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، پالے کیلی میں دونوں ٹیمو ں کے درمیان میچ شروع ہوا تو بنگلا دیشی ٹیم کے کپتان مومن الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلا دیش کی طرف سے تمیم اقبال اور سیف حسن نے اننگز کا آغاز کیا جو کچھ خاص نہ تھا۔ سیف حسن بغیر کوئی رن بنائے ایشوا فرنینڈو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے۔ اس کے بعد تمیم اقبال اور نجم الحسن نے محتاط انداز میں بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ پر 144 رنز کی شراکت دار ی قائم کر کے ٹیم کے مجموعی ا سکور کو 152تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر تمیم اقبال کی اننگز کا خاتمہ ہوگیا اور وہ 90 رنز بناکر ویشوا فرنینڈو کی گیند پر تھریمانے کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ ان کے آئوٹ ہونے کے بعد نجم الحسن نے اپنی ڈیبیو سنچری مکمل کرلی۔ میچ کے پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو بنگلا دیش نے اپنی پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنالئے تھے ۔ نجم الحسن ناقابل شکست 126اور کپتان مومن الحق ناقابل شکست 64 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔ سری لنکا کی طرف سے ویشوا فرنینڈو نے2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔