پاکستان اسٹاک میں مندی : 67فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی

219

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میںبدھ کو کاروباری اتار چڑھائو کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد کاروبار حصص میںمندی غالب آگئی جس کے نتیجے میںکے ایس ای100انڈیکس 93.24پوائنٹس کی کمی سے45306.54پوائنٹس کی سطح پرآ گیا جب کہ67.01فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میںکمی ریکارڈ کی گئی جس کے سبب مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 36ارب 96کروڑ روپے سے زائد کم ہوگیا تاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم منگل کی نسبت 13فی صدزائد رہا۔ گزشتہ روز ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی سرمایہ کار مخصوص ملکی سیاسی صورتحال کے باعث تذبذب کا شکار نظر آئے جس کے باعث حصص خریداری اور فروخت کے رجحانات کی وجہ سے اتار چڑھا ئوکا سلسلہ جاری رہا اور دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس 45625پوائنٹس کی بلند اور 45224پوائنٹس کی نچلی سطح پر دیکھا گیا لیکن مجموعی طور پر مندی کا رجحان غالب آگیا اور کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 93.24 پوائنٹس کی کمی سے45306.54پوائنٹس کی سطح پر بند ہواجب کہ کے ایس ای30انڈیکس 29.44 پوائنٹس کی کمی سے18503.46پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 143.16پوائنٹس کی کمی سے30720.21پوائنٹس کی سطح پرآگیا ۔گزشتہ روز مجموعی طور پر388کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں 111کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 260میں کمی اور17میں استحکام رہا۔بدھ کو مارکیٹ میں 38 کروڑ 79لاکھ 8 ہزار935شیئرزکا کاروبار ہوا جبکہ منگل کو 34 کروڑ32لاکھ81ہزار979حصص کے سودے ہوئے تھے۔مندی کے باعث مارکیٹ کامجموعی سرمایہ 36ارب96کروڑ91لاکھ36 ہزار 447روپے گھٹ کر 78 کھرب 99 ارب 42 کروڑ51لاکھ24ہزار198 روپے رہ گیا۔ سرگرم کمپنیوں میں ٹی آر جی پاکستان،ورلڈ کال ٹیلی کام،یونٹی فوڈز،غنی گلوہول،ٹیلی کارڈ لمٹیڈ،بائیکو پیٹرولیم،بل گلاس،پاور سیمنٹ،میڈیا ٹائمز لمٹیڈ اورعائشہ اسٹیل مل شامل ہیں۔گزشتہ روز نمایاں کاروباری سرگرمیوں کے لحاظ سے اے کے ڈی کیپٹل31.50روپے کے اضافے سے 451.50روپے اورگیٹرن انڈسٹریز 28.94 روپے کے اضافے سے469.95روپے ہوگئی۔