پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ پاکستان نے جیت لیا ، محمد رضوان 82 رنز کے ساتھ نا قابل شکست

349

ہرارے (جسارت نیوز)پاکستان نے محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت زمبابوے کو پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں11 رنز سے ہرا کر 3 میچوں کی سیریز میں1-0 کی برتری حاصل کر لی۔گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے۔ محمد رضوان نے 82رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ زمبابوے کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنا سکی۔ کریگ ایروین 34 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ عثمان قادر نے 3کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ محمد رضوان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ بدھ کو ہرارے ا سپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے کے کپتان شان ولیمز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور کپتان بابر اعظم دوسرے اوور میں 2 رنز بنانے کے بعد ویلنگٹن مزرابانی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے۔ فخز زمان کو 13 کے انفرادی ا سکور پر ویسلے مدھیویر نے کلین بولڈ کر دیا۔ 55 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو تیسرا نقصان اٹھانا پڑا جب محمد حفیظ 5 رنز بنا کر ویسلے مدھیویر کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے۔ ڈیبیو میچ کھیلنے والے دانش عزیز 15 رنز بنا سکے، انہیں لیوک جونگوے نے آئوٹ کیا۔پاکستان کی مڈل آرڈر ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئی۔ حیدر علی 5ویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 5 رنز بنا کر لیوک جونگوے کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ فہیم اشرف ایک رن بنا کر رن آئوٹ ہوئے جبکہ محمد نواز 9 رنز بنا کر رچرڈ نگاروا کا شکار بن گئے۔ زمبابوے کے بائولرز نے کنڈیشنز کا اچھا استعمال کیا تاہم اوپنر محمد رضوان نے ایک اینڈ سے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 61 گیندوں پر 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل ہے۔ اس طرح پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے۔ زمبابوے کی جانب سے ویسلے مدھیویر اور لیوک جونگوے نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔ زمبابوے کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوںکے نقصان پر 138رنز بنائے۔ کریگ ایرون 34، لیوک جونگوے (ناٹ آئوٹ) 30 اور تیناشی کامونوہکموی 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی طرف سے لیگ ا سپنر عثمان قادر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے زمبابوے کے بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔ انہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں، محمد حسنین نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ حارث رئوف اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔