جونیئر کھلاڑیوں کی ٹریننگ جاری ہے ، اولمپیئن دانش کلیم

140

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جونیئر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اولمپیئن دانش کلیم نے کہا ہے کہ حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عمل در آمد کرتے ہوئے عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں جونیئر کھلاڑیوں کی ٹریننگ جاری ہے اور ہم نے خصوصی طور پر کھلاڑیوں کے درمیان سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے انکی انفرادی کوچنگ و فزیکل ٹریننگ پر توجہ مرکوز رکھی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے 3 رکنی ڈاکٹرز کی ٹیم بھی ہمارے درمیان موجود ہے جس میں ڈاکٹر ظہیر خان,ڈاکٹر ثمر اسلام اور ڈاکٹر محسن علی شامل ہیں۔مزکورہ ڈاکٹر لمحہ بہ لمحہ کھلاڑیوں کا ٹمپریچر سمیت دیگر میڈیکل چیک اپ بھی کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ کویڈ 19 کی وبا سے بچا ئواور حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرتے ہوئے مرحلہ وار جونیئر ہاکی کیمپ کا انعقاد کسی چیلنج سے کم نہیں تھا۔ ہم نے پی ایچ ایف صدر بریگیڈیئر(ر) خالد سجاد کھوکھر کی ہدایات کے مطابق اور پی ایچ ایف سیکریٹری جنرل اولمپیئن آصف باجوہ کی زیر نگرانی اور کھلاڑیوں کی بھرپور دلچسپی و تعاون کیساتھ نہ صرف یہ چیلنج قبول کیا بلکہ کامیابی کیساتھ ڈھاکامیں ہونے والے جونیئر ایشیا ہاکی کپ کی تیاری جاری رکھے ہوئے ہیں۔