کندھکوٹ،پریس کلب کے سابق صدر کے گھر پر حملہ

172

کندھکوٹ(نمائندہ جسارت)سابق صدر پریس کلب پیربخش بنگوار کے گھر پر مسلح افراد کا حملہ۔ مسلح افراد نے راکٹ لانچر اور گولے بھی فائر کیے۔ فائرنگ سے صحافی پیر بخش بنگوار اور اہل خانہ محفوظ رہے۔ مسلح افراد کا جدید اسلحے سے فائرنگ۔ نتیجے میں علاقے میں شدید خوف و حراس پھیل گیا۔ اطلاع پر تھانہ حدود کی پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی، مسلح افراد پولیس کو دیکھ کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ فائرنگ سے جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا گھروں کو راکٹ لانچر اور گولیاں لگنے سے دیواروں میں گڑھے پڑ گئے۔ جرائم پیشہ افراد کی طرف سے صحافی کے گھر پر حملے کے سلسلے میں صحافیوں کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ سابق صدر پریس کلب و سینئر صحافی پیر بخش بنگوار کا کہنا ہے کہ میرے گھر پر محمدانی قبائل کے جرائم پیشہ افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا ہے۔ تحفظ فراہم کیا جائے۔ واقعہ کارو کاری کے تنازع پر پیش آیا ہے جس میں دونوں قبائل کی ایک خاتون سمیت تین افراد قتل ہوچکے ہیں۔ میں ایک صحافی ہوںاور تعلیم یافتہ ہوں میری کسی سے دشمنی نہیں ہے کارو کاری کا معاملہ میرا نہیں ہے میرے چچازاد بھائیوں کا ہے، مجھے بے گناہ بیچ میں پھنسایا جا رہا ہے۔شریف شہری اور ایک پیشہ ورصحافی ہونے کی بنا پر مجھے جھگڑے میں ملوث کیاجا رہا ہے حالانکہ میرا اس جھگڑے سے دور کاواسطہ بھی نہیں ہے۔ صحافیوں کا فوری طور پر وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ اور ایس ایس پی کشمور امجد احمد شیخ سے نوٹس لے کر جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کرکے صحافی پیر بخش بنگوار اور ان کے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔