ٹنڈوالہیار ،انتظامیہ کی عدم توجہ کے باعث مضر صحت دودھ کی فروخت

134

ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) ٹنڈوالٰہیار میں دودھ کے نام پر عوام سے دھوکا، دودھ کے نام پر مضر صحت دودھ فروخت ہونے کی اطلاعات، انتظامیہ کی عدم توجہ کے سبب دودھ 120 کلو تک جاپہنچا جبکہ ٹنڈوالٰہیار کی غیر قانونی دودھ مارکیٹ میں پانی ملا دودھ کھلے عام فروخت ہورہا ہے، انتظامیہ کا کوئی بھی ذمے دار دودھ مارکیٹ میں موجود نہیں، انتظامیہ دودھ مارکیٹ سے غائب نظر آتی ہے۔ ٹنڈوالٰہیار میں عوام کے ساتھ دودھ کے نام پر دھوکا کیا جانے لگا ہے، شہر کی دکانوں پر مضر صحت دودھ فروخت ہونے کی اطلاعات موصول ہورہی ،ہیں معلوم ہوا ہے کہ شہر میں فروخت ہونے والے دودھ کو گاڑھا کرنے کے لیے مضر صحت کیمیکل اور پاؤڈر استعمال کیا جاتا ہے۔ کیمیکل شدہ دودھ کے استعمال سے شہری مختلف امراض میں مبتلا ہوگئے ہیں جبکہ شہر کی اکثر دکانوں پر فروخت ہونے والے دودھ میں پانی ملانے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ٹنڈوالٰہیار میں مضر صحت دودھ فروخت ہونے کی اطلاعات کے باوجود انتظامیہ نے تاحال کوئی نوٹس نہیں لیا اور دودھ کی کوالٹی کو چیک کرنے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی جارہی، جس کی وجہ سے انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے عناصر بے خوف ہوکر عوام کی صحت سے کھیلنے اور پیسے لوٹنے میں مصروف ہیں۔ ٹنڈوالٰہیار کے شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹنڈوالٰہیار میں دودھ کے نام پر شہریوں کو مضر صحت دودھ کا کاروبار جاری ہے مگر انتظامیہ کی جانب سے ان کیخلاف کارروائی نہیں کی جارہی۔ عوام کا کہنا ہے کہ شہر میں فروخت ہونے والے دودھ میں پانی، پاؤڈر سمیت کیمیکل شامل کیے جارہے ہیں جو کہ انسانی صحت کے لیے مضر ہیں۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ دودھ کی کوالٹی کو بہتر بنانے اور مضر صحت دودھ کی فروخت کو روکنے کے لیے فی الفور اقدامات کیے جائیں اور انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے عناصر کیخلاف کارروائی کی جائے۔