گورنر سندھ کا یوٹیلٹی اسٹورز پر چھاپے مارنے کا اعلان

210

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کےلیے پیکج کا اعلان کیا ہے جس پر عملدرآمد کےلیے وہ خود کراچی سمیت سندھ بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر چھاپے ماریں گے اور چینی اور دیگر سستی کی گئی اشیا کو غائب کرنے، عوام کو فراہم نہ کیے جانے کیخلاف کاروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وہ جلد صحافیوں کی دعوت پروفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری کے ساتھ حیدرآباد کا دورہ کریں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کو گورنر ہاﺅس کراچی میں حیدرآباد یونین آف دستور کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں صدر ایچ یو جے تجمل حسین خان، سینئر نائب صدر راحت کاظمی، سیکرٹری لالہ مرزا خان، خازن فہیم صدیقی اور ممبر منیجنگ کمیٹی عارف نورانی شامل تھے۔گورنر سندھ نے اس موقع پر صحافیوں کو درپیش مسائل کو غور سے سنا اور کہا کہ وہ صحافیوں کو درپیش مسائل اور مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں،وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ صحافیوں کو ہیلتھ کارڈ کااجراءکیاجائے اور ہاﺅسنگ اسکیم میں انہیں شامل کیاجائے۔ایچ یو جے کے وفد نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کوبتایا کہ حالیہ دور میں پرنٹ اورالیکٹرونکس میڈیا سخت مسائل کا شکار ہے جس کے باعث ابتک اداروں سے ہزاروں میڈیا ورکرز کو نوکریوں سے نکالا جاچکا ہے،جبکہ ہزاروں صحافی، فوٹو گرافر، کیمرا مین شدیدمالی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔وفدنے گور نرسندھ سے درخواست کی کہ حیدرآباد کے صحافیوں کو سیاحتی مقامات اورتاریخی مقامات کا سرکاری خرچ پر ملک کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا جائے اورصحافیوں کو وزیراعظم کی اعلان کردہ ہاﺅسنگ اسکیم میں شامل کرکے انہیں بلاسود قرضے دیے جائیں۔ اس پر گورنر سندھ نے کہاکہ وہ اس حوالے سے وفاقی حکومت سے بات کریں گے اور بلاتاخیر صحافیوں کے مسائل حل کیے جائیں گے۔