کوئٹہ،ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکا، 4 افراد جاں بحق

163

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)کوئٹہ کے زرغون روڈ سرینا چوک پر نجی ہوٹل سرینا کی پارکنگ میں دھماکا ہوا ہے۔اسپتال ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں4 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو طبی امدادکےلیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق دھماکے کے باعث پارکنگ میں کھڑی متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی جبکہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ دور دور تک آواز سنی گئی جبکہ دھواں اٹھتے بھی دیکھا گیا اور ارد گرد کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔سول ہسپتال کوئٹہ کے میڈیکل سپرٹنڈنٹ ارباب کامران کاسی نے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تصدیق کی اور کہا کہ دو زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کوئٹہ کے سرینا ہوٹل میں دھماکے کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی جانوں کے ضیاع پر رنج اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری بلوچستان سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ دہشت گردی کا واقعہ ہے، واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ 2 سے 3 گھنٹوں میں سامنے آ جائے گی۔وزیر داخلہ کا کہنا ہے دشمن پاکستان کیخلاف سازشیں کرنے میں مصروف ہے، منصوبہ بندی کے تحت دہشت گردی کی لہر آ رہی ہے۔ دیگر شہروں میں بھی دہشت گردی کے واقعات ہو سکتے ہیں، اسلام آباد، کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں دہشت گردی کے تھریٹ موجود ہیں، کراچی میں کچھ دہشت گرد پکڑے بھی گئے ہیں۔