فرزانہ راجا کے وارنٹ گرفتاری جاری، اشتہاری قرار دینے کا حکم

294

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)احتساب عدالت نے سابق چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام فرزانہ راجا کی عدالتی حاضری سے استثنا کی درخواست مسترد کردی۔عدالت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کرپشن ریفرنس میں فرزانہ راجا کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دیا۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اصغر علی نے بی آئی ایس پی ریفرنس کی سماعت کی تو فرزانہ راجا کی جانب سے حاضری سے استثناکی درخواست دائر کی گئی جس پر فاضل جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فرزانہ راجا ریفرنس دائر ہونے کے بعد سے اب تک عدالت پیش نہیں ہوئیں، ایک سال سے حاضری سے ایک روزہ استثنالیا جا رہا ہے، پتہ چلا ہے کہ فرزانہ راجا 10سال قبل پاکستان سے امریکا منتقل ہوچکی ہے۔عدالت نے حاضری سے استثناکی درخواست مسترد کرتے ہوئے فرزانہ راجا کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے اور ملزمہ کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا بھی حکم دیا۔عدالت نے شریک ملزم راجا عبد المناف کے ناقابل ضمانت وارنٹس گرفتاری جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فرد جرم کےلیے تمام ملزمان کو طلب کر لیا، مقدمے کی مزید سماعت 24 مئی تک ملتوی کردی گئی۔