ہم ٹرائل بھگت چکے،سلیکٹڈ حکمرانوں کی باری جہانگیر ترین سے شروع ہوگی،ن لیگ

137

لاہور (نمائندہ جسارت) (ن) لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کی اصلیت قوم جان چکی ہے ‘ ہم تمام ٹرائل اور سزائے موت کی چکیاں بھگت چکے‘ اب سلیکٹڈ حکمرانوں کی باری ہے جو جہانگیر ترین سے شروع ہو گی‘ جج کاتقرر نہ ہونے کے باوجود شہباز شریف کو ہر پیشی پر لایا جاتا ہے‘ اگر قانون اور اخلاقیات کا درس ہمیں پی ٹی آئی والوں نے دینا ہے تو بغیر قانون والے ہی اچھے ہیں‘ کیا موجودہ وزیراعظم کو اپنا ماضی یاد نہیں؟‘ انہوں نے پارلیمان پر حملہ کیا اور لعن طعن کیا‘ سول نافرمانی کی کال دی‘ شاید خاقان عباسی نے جذبات میں آ کر پارلیمان میں ایسا کیا کردیا جس کی وہ معذرت بھی کر چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عظمیٰ بخاری کے ہمراہ جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان جعلی ہائوسنگ اور فلیٹ اسکیم کا اعلان کر رہے ہیں‘ عمران خان کے اردگرد چور ہی بیٹھے ہیں‘ عمران خان طاقت ور کو اصل تحفظ دینے والا ہے‘ عوام کے سامنے حقائق سامنے آنے چاہئیں‘ لیگی رہنمائوں کو جیلوں میں اذیت دی گئی‘ مریم نواز واش روم کے ساتھ نماز ادا کرتی تھیں‘ بینکوں سے قرضہ دے کر عوام کے پیسوں سے عوام کو مکان دینے سے50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ پورا نہیں ہو گا‘ طاقتور کی سہولت کاری ملک کا وزیراعظم کرے گا تو وہ طاقتور کبھی قانون کے نیچے نہیں آئے گا جو وزیراعظم کے اطراف بیٹھا ہے ۔عمران خان کے دستخط کی وجہ سے چینی 52 سے 120 روپے فی کلو ہوئی‘آپ طاقتور مافیا کو قانون کے نیچے لانے کی ہمت نہیں رکھتے کیونکہ وہ اے ٹی ایم ہیں جو آپ کا خرچہ اٹھاتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ مریم نواز سمیت تمام لیگی رہنمائوں کو سزائے موت کی چکی میں رکھا گیا،اگر ابھی بھی آپ کی ذہنی تسکین نہیں ہوئی تو بنی گالہ میں جیلیں بنائیں اور انہیں جیسے مرضی وہاں رکھ لیں۔ انہوںنے کہاکہ 8سال سے خیبر پختونخوا میں احتساب کمیشن بند ہے‘ ہائیکورٹ اور عدالت عظمیٰ کے فیصلے ہمارے لیے تمغے ہیں۔